حیدرآباد: بی آر ایس کی ایم ایل سی اور تلنگانہ جاگروتی صدر کے کویتا نے بی جے پی تلنگانہ کے صدر این رامچندر راؤ کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے مرکز سے مطالبہ [en]Kavitha BC Reservation[/en] کیا ہے کہ وہ ریاست میں بی سی طبقات کیلئے مختص 42 فیصد تحفظات سے متعلق بلز کو جلد از جلد صدر جمہوریہ کی منظوری دلوائیں۔
اپنے مکتوب میں، جسے میڈیا کے ساتھ بھی شیئر کیا گیا، کویتا نے کہا کہ یہ بلز تعلیم، روزگار اور مقامی اداروں میں پسماندہ طبقات کو ان کے حق کے تحفظات فراہم کرنے کیلئے نہایت اہم ہیں۔
انہوں نے نشاندہی کی کہ بہوجن برادریوں نے ہمیشہ سماجی اور ثقافتی ترقی میں اہم کردار ادا کیا، مگر ان کی نمائندگی ان کی آبادی کے تناسب سے اب تک اداروں میں نہیں ہو سکی۔
کویتا نے مزید کہا کہ او بی سی طبقات نے ملک بھر میں، خاص طور پر تلنگانہ میں، مساوی مواقع کیلئے طویل جدوجہد کی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ تلنگانہ جاگروتی اور یونائٹڈ پھولے فرنٹ (UPF) نے اس مطالبے کی حمایت میں ریاست گیر مہمات، راؤنڈ ٹیبل میٹنگز اور احتجاجات کا انعقاد کیا۔
تلنگانہ حکومت نے یہ بلز اسمبلی اور کونسل دونوں میں منظور کرتے ہوئے صدر جمہوریہ کو روانہ کر دیے تھے، مگر طویل انتظار کے باوجود اب تک منظوری نہیں ملی۔
کویتا نے رامچندر راؤ سے اپیل کی کہ وہ ایک ذمے دار رہنما کے طور پر بی جے پی کی سنجیدگی اور بی سی طبقات سے انصاف کا مظاہرہ کرتے ہوئے ان بلز کی منظوری کیلئے مرکز پر دباؤ ڈالیں۔
