حیدرآباد: وزیراعلیٰ تلنگانہ ریونت ریڈی نے اعلان کیا ہے کہ مرکز کی جانب سے 42 فیصد BC Reservationبل کی منظوری میں تاخیر پر ریاستی حکومت سپریم کورٹ سے رجوع کرے گی۔ انہوں نے یہ اعلان ہفتہ کے روز گاندھی بھون میں تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کی پولیٹیکل افیئرس کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
وزیراعلیٰ نے بتایا کہ ریاست کے مقدمے کی پیروی کے لیے سپریم کورٹ کے دو سینئر وکلاء کو مقرر کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ قانونی چیلنج صدر کے دستخط کے لیے 90 دن کے آئینی وقت سے متعلق ہے جس کے اندر ریاستی قوانین کی منظوری لازمی ہوتی ہے، لیکن بی سی کوٹہ بل ابھی تک زیر التوا ہے۔
ریونت ریڈی نے وضاحت کی کہ نئی عرضی دائر کرنے کے بجائے اس مسئلے کو جاری کارروائیوں کے دوران اٹھایا جائے گا تاکہ جلد عدالتی جانچ ممکن ہو سکے۔ انہوں نے سابقہ بی آر ایس حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس نے ایسا قانون منظور کیا تھا جس میں مقامی اداروں میں ریزرویشن کی حد 50 فیصد سے کم رکھی گئی، جس کے نتیجے میں بی سی طبقے کو کوٹہ سے محروم ہونا پڑا۔
انہوں نے کہا کہ اس کے برعکس موجودہ حکومت نے نیا بل منظور کیا اور آرڈیننس جاری کرتے ہوئے پرانے قانون میں ترمیم کی جسے گورنر نے مرکز کو روانہ کر دیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے اس بات پر زور دیا کہ کانگریس نے بی سی طبقے سے سیاسی وعدہ کیا تھا اور 42 فیصد ریزرویشن کی منظوری میں مزید تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔
بل کی منظوری وعدے کا حصہ
انہوں نے ریاست میں کرائے گئے ذات پات مردم شماری اور تعلیم و روزگار میں 42 فیصد بی سی ریزرویشن کے بل کی منظوری کو اسی وعدے کا حصہ قرار دیا۔
علیحدہ طور پر، ریونت ریڈی نے یوریا کی قلت پر بی جے پی اور بی آر ایس دونوں کو سیاسی ڈرامہ قرار دیا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ بی آر ایس رہنما کے ٹی راماراؤ نے نائب صدر جمہوریہ کے انتخاب میں حمایت کو کھاد کی فراہمی سے جوڑ دیا تھا جس سے ان کی موقع پرستی ظاہر ہوتی ہے۔
وزیراعلیٰ نے سونیا گاندھی، راہل گاندھی اور ملیکارجن کھڑگے کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے سابق سپریم کورٹ جج جسٹس سدھرسن ریڈی کو انڈیا بلاک کا نائب صدارتی امیدوار منتخب کیا۔ انہوں نے کہا کہ ریٹائرڈ جج نے ہمیشہ شہری آزادیوں کا دفاع کیا ہے۔







































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































