حیدرآباد: عادل آباد ضلع کے بھیمن پور منڈل میں واقع [en]Adilabad Dabbakuchi[/en] گاؤں کا سرکاری پرائمری اسکول 12 سال بعد دوبارہ کھول دیا گیا ہے۔ یہ اسکول 2013 میں طلبہ کی کمی کے باعث بند کر دیا گیا تھا۔
اس کے بعد سے گاؤں کے بچوں کو تعلیم حاصل کرنے کے لیے دو کلومیٹر دور واڈگاؤں یا پانچ کلومیٹر دور بھیمن پور جانا پڑتا تھا۔ گزشتہ سال ایک طالب علم راستے میں پیش آئے سڑک حادثے میں جاں بحق ہو گیا، جس کے بعد گاؤں والوں نے پراجا وانی فورم کے ذریعے حکام سے رابطہ کیا اور شکایت درج کراتے ہوئے بتایا کہ اب گاؤں میں اسکول جانے کی عمر کے 32 بچے موجود ہیں۔
ضلع کلکٹر راج رشی شاہ نے اس شکایت پر فوری کارروائی کرتے ہوئے افسران کو گاؤں روانہ کیا۔ اسکول کو گرام پنچایت اراکین کی موجودگی میں دوبارہ کھولا گیا۔
پہلے ہی دن 32 طلبہ کا داخلہ عمل میں آیا، اور واڈگاؤں اسکول سے ایک استاد کو تعینات کر کے تدریسی عمل کا آغاز کر دیا گیا۔
گاؤں والوں نے اپنی دیرینہ شکایت کے حل پر ضلع کلکٹر سے اظہار تشکر کیا اور امید ظاہر کی کہ حکومت دیہی علاقوں میں تعلیمی نظام کو مزید بہتر بنانے کے لیے ایسے اقدامات جاری رکھے گی۔









































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































