حیدرآباد: تلنگانہ کے وزیراعلیٰ اے ریونت ریڈی نے بدھ کے روز مطالبہ کیا کہ Vice President Telanganaکا عہدہ اس بار تلنگانہ کو دیا جائے اور اس کے لیے تجربہ کار او بی سی لیڈر بنڈارو دتاتریہ کا نام پیش کیا۔
انہوں نے سبکدوش ہونے والے نائب صدر جگدیپ دھنکھڑ کے استعفیٰ کو “بدقسمتی” قرار دیتے ہوئے کہا کہ مرکزی حکومت کو اب تاریخی ناانصافیوں کا ازالہ کرنا ہوگا، اور ایک تلگو بولنے والے لیڈر کو دوسرے سب سے بڑے آئینی عہدے پر فائز کرنا چاہیے۔
ریونت ریڈی نے کہا کہ اگلا نائب صدر تلنگانہ سے ہونا چاہیے کیونکہ تلگو، ہندی کے بعد ملک میں سب سے زیادہ بولی جانے والی زبان ہے، اور تلگو عوام کے ساتھ انصاف ہونا چاہیے۔
انہوں نے الزام لگایا کہ حالیہ برسوں میں تلنگانہ کو نظرانداز کیا گیا ہے۔ ان کے بقول “انہوں نے وینکیا نائیڈو کو نائب صدر کے عہدے سے ہٹایا، پھر بنڈارو دتاتریہ کو گورنر کے عہدے سے ہٹایا، اور بعد میں بنڈی سنجے کو بی جے پی کی ریاستی صدارت سے بھی برطرف کر دیا۔”
ریونت ریڈی نے کہا کہ بنڈارو دتاتریہ تلگو بولنے والے او بی سی طبقے کی نمائندگی کرتے ہیں اور حال ہی میں ہماچل پردیش کے گورنر کے عہدے سے سبکدوش ہوئے ہیں۔ دتاتریہ نے 21 جولائی کو اپنا عہدہ چھوڑا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ اگر دتاتریہ کو نائب صدر بنایا جائے تو مرکزی حکومت کی کچھ “خطائیں” دھل جائیں گی۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا کانگریس اس نامزدگی کی تائید کرے گی تو ریونت نے کہا کہ وہ ذاتی طور پر اپنی پارٹی قیادت سے اس سلسلے میں بات کریں گے۔
ریونت ریڈی نے مزید کہا کہ ملک موجودہ این ڈی اے حکومت کے زیر اقتدار خطرے میں ہے، اور اسے اقتدار سے ہٹانا وقت کی ضرورت ہے۔

















































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































