حیدرآباد: تلنگانہ کے وزیراعلیٰ اے۔ ریونت ریڈی نے آندھرا پردیش کے ضلع کرنول کے چنا ٹیکور گاؤں کے قریب پیش آئے ہولناک بس حادثے پر گہرے صدمے اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ جمعہ کی صبح حیدرآباد سے بنگلور جانے والی کاویری ٹریولز کی بس آگ کی لپیٹ میں آ گئی، جس میں 20 سے زائد مسافر جاں بحق ہو گئے۔
وزیراعلیٰ نے متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے فوری راحت اور امدادی اقدامات کی ہدایت دی۔
ریونت ریڈی کی اعلیٰ عہدیداروں سے بات چیت | Revanth Reddy Condolence
ریونت ریڈی نے چیف سکریٹری رام کرشن راؤ اور ڈی جی پی جیتندر سے بات کرتے ہوئے واقعے کی تفصیلی رپورٹ طلب کی۔ انہوں نے گدوال ضلع کے کلکٹر اور ایس پی کو ہدایت دی کہ وہ فوراً جائے حادثہ پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کریں۔
ابتدائی رپورٹوں کے مطابق حادثہ صبح 3 بجے کے قریب نیشنل ہائی وے 44 پر پیش آیا جب بس میں اچانک آگ بھڑک اٹھی۔ حکام نے بتایا کہ ملبے سے 11 لاشیں برآمد کر لی گئی ہیں، جبکہ زیادہ تر متاثرین کا تعلق حیدرآباد سے ہے۔
آندھرا حکومت سے رابطہ، ہیلپ لائن قائم کرنے کی ہدایت | Revanth Reddy Condolence
وزیراعلیٰ نے آندھرا پردیش کے حکام سے رابطہ کر کے امدادی کارروائیوں اور لاشوں کی شناخت کے عمل میں تعاون کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ریاستوں کے محکمے متاثرہ خاندانوں کی مدد کے لیے مل کر کام کریں۔
ریونت ریڈی نے فوری طور پر ایک ہیلپ لائن قائم کرنے کی بھی ہدایت دی تاکہ جاں بحق اور زخمی مسافروں کے اہل خانہ کو بروقت معلومات اور مدد فراہم کی جا سکے۔






































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































