حیدرآباد: محکمہ جنگلات و اوقاف کی وزیر کے کوںڈا سوریکھا نے بدھ کے روز رنگا ریڈی ضلع کے آمنگل منڈل کے گماڈی ویلی جنگلاتی زون میں Seed Ball Driveکا افتتاح کیا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ شجرکاری کو اپنا فرض سمجھیں اور طلباء میں ماحولیات کے تحفظ اور سرسبز زمین کی اہمیت کے بارے میں شعور بیدار کریں۔
ٹی وی 9 کی جانب سے منعقدہ اس پروگرام میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کرتے ہوئے وزیر موصوفہ نے جھاڑیوں والے جنگلاتی علاقے میں سیڈ بالز پھینک کر مہم کا آغاز کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ’سیڈ بال‘ تکنیک قدیم زمانے سے رائج ہے اور آج بھی جاپان جیسے ممالک میں استعمال کی جا رہی ہے۔
انہوں نے وضاحت کی کہ یہ گیندیں مقامی بیجوں، مٹی اور نامیاتی کھاد سے تیار کی جاتی ہیں۔ انہیں دور دراز اور ناقابل رسائی جنگلاتی علاقوں میں پھینکا جاتا ہے، جہاں وہ قدرتی طور پر بغیر کسی کیمیائی کھاد کے اگتی ہیں۔ “جہاں روایتی شجرکاری ممکن نہ ہو، وہاں ’سیڈ بال‘ طریقہ کار قدرتی افزائش کو ممکن بناتا ہے”، انہوں نے کہا۔

کونڈا سوریکھا نے شجرکاری میں عوامی شمولیت کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ “اجتماعی شجرکاری سے نہ صرف جنگلاتی رقبہ بحال ہوتا ہے بلکہ حیاتیاتی تنوع کو بھی تقویت ملتی ہے۔ درخت بارش لاتے ہیں، موسم کو متوازن کرتے ہیں اور زندگی کا سہارا بنتے ہیں۔”
انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ ہر گھر کم از کم دو پودے لگائے اور انہیں اپنی ماں کے نام سے منسوب کریں، اور ان پودوں کی پرورش بچوں کی طرح کریں۔ وزیر نے ریاست گیر سطح پر عوامی شراکت داری کے ذریعے جنگلاتی علاقوں کو وسعت دینے اور تلنگانہ کے ماحولیاتی نظام کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے ابتدائی تعلیم میں ماحولیاتی شعور کو شامل کرنے کی اہمیت بھی اجاگر کی۔ “اسکول کے طلباء کو ان مہمات میں شامل کرنے سے بچپن سے ہی شعور پروان چڑھتا ہے”، انہوں نے کہا۔
پروگرام میں پالاوی گروپ آف اسکولز اور دہلی پبلک اسکول کے طلباء، مقامی عہدیداران اور عوامی نمائندے شریک ہوئے۔ چیف کنزرویٹر آف فاریسٹس پریانکا ورگیز، کنڈکور آر ڈی او جگدیشور ریڈی، ضلع فاریسٹ آفیسر سدھاکر ریڈی اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔
