حیدرآباد: تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ اے ریونت ریڈی نے ہفتہ 24 اگست کی شب گاندھی بھون میں سینئر کانگریس رہنما و ریاستی حکومت کے مشیر محمد علی شبیر کی سیاسی خدمات پر مبنی کتاب Loyalty & Legacy: 45 Years with Congress Party کی رسمِ اجرا انجام دی۔ یہ تقریب ٹی پی سی سی کی سیاسی امور کمیٹی کے اجلاس کے بعد منعقد ہوئی۔
اس موقع پر نائب وزیر اعلیٰ ملو بھٹی وکرامارکا، اے آئی سی سی کی تلنگانہ انچارج میناکشی نٹراجن، ٹی پی سی سی صدر بی مہیش کمار گوڑ، اور ریاستی وزراء اتم کمار ریڈی، دامودر راجا نرسمہا، کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی، جوپلی کرشنا راؤ، پونگلیٹی سرینواس ریڈی، اڈلوری لکشمن کمار، کونڈا سریکھا، ڈی سیتکا، جی وویک اور واکٹی سری ہری کے علاوہ سینئر قائدین وی ہنمنت راؤ، کے جانا ریڈی، ڈاکٹر گیتا ریڈی، ڈاکٹر کے کیشور راؤ، بلرام نائیک اور انجن کمار یادو بھی شریک تھے۔
یہ کتاب Mohammed Ali Shabbir کی 45 سالہ سیاسی جدوجہد کی تفصیل پر مبنی ہے، جس میں انہوں نے کانگریس پارٹی کے ساتھ مسلسل وفاداری کا مظاہرہ کیا، چاہے وہ اقتدار میں ہو یا اپوزیشن میں۔ کتاب میں بتایا گیا ہے کہ انہوں نے اپنے سیاسی سفر کا آغاز 1980 کے لوک سبھا انتخابات میں کاماریڈی حلقے میں اندرا گاندھی کے لیے مہم چلا کر کیا۔ وہ یوتھ کانگریس اور این ایس یو آئی کے فعال کارکن رہے، اور بعد میں بلدیہ کونسلر، اے پی سی سی نائب صدر، وزیر، رکن اسمبلی اور قائد حزب اختلاف کے طور پر خدمات انجام دیں۔

شبیر علی ہمیشہ گاندھی خاندان کے ساتھ وفادار رہے
شبیر علی نے ہمیشہ گاندھی خاندان کے ساتھ وفاداری نبھائی، اور راجیو گاندھی کے خلاف توہین آمیز تبصرے پر احتجاج کرتے ہوئے جیل بھی گئے۔ 1997 میں ماچا ریڈی میں اندرا گاندھی اور راجیو گاندھی کے مجسمے نصب کرتے وقت ان پر نکسلیوں نے قاتلانہ حملہ کیا، جس میں وہ محفوظ رہے، لیکن پانچ کانگریس کارکن ہلاک ہو گئے۔
سال 1993 میں ان کی تجویز پر ہندوستان کا پہلا اقلیتی بہبود محکمہ آندھرا پردیش میں قائم کیا گیا، جس کے تحت اردو اکیڈمی، وقف بورڈ، حج کمیٹی، اور اقلیتی مالیاتی کارپوریشن کو یکجا کیا گیا۔ اسی سال 2 کروڑ روپۓ کا پہلا علیحدہ اقلیتی بجٹ مختص کیا گیا۔
اس وقت کے وزیر اعلی وجے بھاسکر ریڈی کی قیادت میں 25 اگست 1994 کو شبیر علی کی قیادت میں جی او ایم ایس نمبر 30 جاری کیا گیا جس میں مسلمانوں، کاپو، تیلاگا، بلیجا سمیت 14 پسماندہ طبقات کو تحفظات دینے کی تجویز پیش کی گئی۔ اگرچہ یہ نافذ نہ ہو سکا، مگر یہ سماجی انصاف کی سمت اہم قدم تھا۔ سال 2004 سے 2009 کے دوران وہ ڈاکٹر وائی ایس راج شیکھر ریڈی کابینہ میں وزیر رہے اور 4 فیصد مسلم تحفظات پر عملدرآمد کروایا، جس سے اب تک 20 لاکھ سے زائد طلبہ و نوجوان مستفید ہو چکے ہیں۔ صرف 58 دن میں حکومت نے 5 فیصد ریزرویشن کا جی او جاری کیا، جسے بعد میں عدالتی حکم کے مطابق 4 فیصد کر دیا گیا۔
اقلیتی طلبہ کے لیے انگلش میڈیم رہائشی اسکول، اسکالرشپس، ہاسٹلز اور “شادی مبارک” جیسی اسکیموں کا آغاز بھی انہی کی کوششوں کا نتیجہ ہے۔ Mohammed Ali Shabbir بطور وزیر برائے این آر آئی امور خلیجی ممالک میں پھنسے مزدوروں کی واپسی اور اسناد کی تصدیق کے لیے سکریٹریٹ میں مرکز بھی قائم کیا۔
بطور قائد حزب اختلاف تلنگانہ قانون ساز کونسل میں انہوں نے بی آر ایس حکومت کی پالیسیوں پر کھل کر تنقید کی۔ وہ اقلیتوں، کسانوں اور عام عوام کے مسائل کو اٹھانے میں پیش پیش رہے۔ ان کی ثابت قدمی کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ ٹی ڈی پی اور بی آر ایس کی جانب سے متعدد بار پیشکشیں ملنے کے باوجود وہ کانگریس کے ساتھ ہی وابستہ رہے۔ 45 سالہ سیاسی سفر میں سے 28 سال انہوں نے اپوزیشن میں گزارے۔
“Loyalty & Legacy: 45 Years with Congress Party” Book Released
Loyalty & Legacy: 45 Years with Congress Party పుస్తకాన్ని గాంధీభవన్, హైదరాబాద్ లో మాజీ మంత్రి షబ్బీర్ అలీ రచించిన, గౌరవ ముఖ్యమంత్రి శ్రీ రేవంత్ రెడ్డి గారు సీనియర్ నాయకులు, సహచరుల సమక్షంలో ఆవిష్కరించారు.
Hon’ble CM… pic.twitter.com/Wve9m36sWz
— Congress for Telangana (@Congress4TS) August 24, 2025
کتاب کا دیباچہ سینئر رہنما کے جانا ریڈی نے تحریر کیا، جنہوں نے شبیر علی کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ سیاست میں اصل اہمیت کردار کی ہوتی ہے۔ وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی نے شبیر علی کو تلنگانہ میں کانگریس کا ستون قرار دیتے ہوئے ان کے اقلیتوں کی فلاح میں کلیدی کردار کو سراہا۔
کتاب Loyalty & Legacy نہ صرف محمد علی شبیر (Mohammed Ali Shabbir) کی زندگی کا احوال ہے بلکہ کانگریس پارٹی کی اقدار، سماجی انصاف کی جدوجہد اور نظریاتی سیاست کا آئینہ بھی ہے۔



























































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































