حیدرآباد: سنگاریڈی ضلع کے ظہیرآباد ٹاؤن [en]Zaheerabad[/en]میں ایک 29 سالہ نوجوان کو بے دردی سے قتل کر دیا گیا، جس کی لاش ایک کنویں سے برآمد ہوئی۔ پولیس کے مطابق متوفی کی شناخت تاج الدین کے طور پر ہوئی ہے، جو محلہ علاقہ سے تعلق رکھتا تھا۔
پولیس نے بتایا کہ ہفتہ کے روز تاج الدین کو نگول کٹہ مسجد کے قریب سے دو افراد موٹر سائیکل پر اپنے ساتھ لے جاتے ہوئے دیکھے گئے تھے۔ اگلے ہی دن اس کی لاش ایک کنویں میں پائی گئی، جس سے علاقے میں سنسنی پھیل گئی۔
علاقے میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں میں مقتول کو مشتبہ افراد کے ساتھ جاتے ہوئے دیکھا گیا ہے، جو پولیس کے لیے تفتیش میں اہم سراغ فراہم کر رہا ہے۔
پولیس نے قتل کا مقدمہ درج کرتے ہوئے ملزمان کی شناخت اور گرفتاری کے لیے تفتیش شروع کر دی ہے۔ ظہیرآباد میں اس واقعہ کے بعد مقامی عوام میں خوف و بے چینی کی فضا پائی جا رہی ہے۔







































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































