حیدرآباد: [en]Sigachi Plant[/en] میں پیش آئے مہلک صنعتی حادثے کے بعد جاری بچاؤ کام بارش کے باعث منگل کی رات معطل کر دیا گیا۔ سنگاریڈی ضلع کے پشامائیلارم علاقے میں واقع سگاچی انڈسٹریل یونٹ کی تین منزلہ عمارت کے منہدم ہونے سے ملبہ ہٹانے کا کام تاحال شروع نہیں ہو سکا۔
حکام کا کہنا ہے کہ ملبے کے نیچے لاپتہ افراد کے دبے ہونے کا اندیشہ ہے۔ جائے وقوعہ پر اعلیٰ عہدیداروں کی آمد کے بعد مزید صورتحال واضح ہونے کی توقع ہے۔
پیر کی صبح پیش آئے اس اندوہناک حادثے نے متحدہ آندھرا پردیش کی صنعتی تاریخ کا بدترین سانحہ قرار دیا جا رہا ہے، جس نے تلگو ریاستوں میں گہرے رنج و غم کی لہر دوڑا دی ہے۔
تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق، ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 51 ہو چکی ہے۔ منگل کی شام تک 36 اموات کی باضابطہ توثیق کی گئی تھی، جن میں سے 14 لاشوں کی شناخت کر کے لواحقین کے حوالے کر دیا گیا ہے، جب کہ باقی لاشوں کی شناخت کا عمل جاری ہے۔
متاثرہ خاندانوں اور زخمیوں کی مدد کے لیے حکومتی سطح پر راحت کاری اقدامات کیے جا رہے ہیں، تاہم بارش کے سبب امدادی ٹیموں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ حکام نے کہا کہ جیسے ہی موسم بہتر ہوگا، ملبہ ہٹانے اور مزید لاشوں کی تلاش کا کام دوبارہ شروع کیا جائے گا۔





























































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































