حیدرآباد: بی آر ایس کے ورکنگ صدر کے تارک راما راؤ نے آندھرا پردیش میں Polavaramپروجیکٹ کے کوفر ڈیم کے بار بار ٹوٹنے کے معاملے پر نیشنل ڈیم سیفٹی اتھارٹی کی خاموشی پر سخت سوال اٹھائے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پروجیکٹ قومی درجہ رکھتا ہے اور بی جے پی زیر قیادت این ڈی اے حکومت کی نگرانی میں ہے، اس کے باوجود اتھارٹی نے کوئی کارروائی کیوں نہیں کی۔
صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کے ٹی آر نے نشاندہی کی کہ کوفر ڈیم دوسری مرتبہ بہہ گیا ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ آیا این ڈی ایس اے نے اس واقعہ کو نوٹس میں لیا اور یہ بھی جاننا چاہا کہ میڈی گڈہ پِلر معاملے کی طرح فوری کارروائی کیوں نہیں کی گئی۔
کے ٹی آر نے کانگریس اور بی جے پی دونوں جماعتوں کو ہدف تنقید بنایا اور کہا کہ ان جماعتوں نے میڈی گڈہ کے دو پِلرز میں دراڑ آنے کے بعد کالیشورم پروجیکٹ کو “کالیشورم ” کا نام دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اگر واقعی ان کے پاس ہمت ہے تو اب پولاورم کو بھی “کولاورم” کہیں۔
انہوں نے بی جے پی پر سیاسی دوہرے معیار کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ اسمبلی انتخابات کے دوران میڈی گڈہ واقعہ کے 24 گھنٹوں کے اندر این ڈی ایس اے کی ٹیموں کو روانہ کیا گیا تھا، لیکن پولاورم ڈیم کے بار بار ٹوٹنے پر کوئی فوری قدم نہیں اٹھایا گیا۔
کے ٹی آر نے خبردار کیا کہ بی جے پی اور کانگریس اگر کالیشورم پروجیکٹ کو سبوتاژ کرنے کی کوئی سازش رچیں گے تو بی آر ایس اسے ناکام بنائے گی۔










































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































