حیدرآباد: تلنگانہ کے وزیر خوراک و شہری رسدات کیپٹن این اُتم کمار ریڈی نے منگل کے روز کہا کہ کانگریس حکومت نے ریاست کی 80 فیصد سے زائد آبادی یعنی 3.15 کروڑ افراد کے لیے Food Securityکو یقینی بنایا ہے۔ یہ کامیابی ایک بڑے پیمانے پر راشن کارڈ اور مفت چاول تقسیم مہم کے تحت حاصل ہوئی ہے۔
اُتم کمار ریڈی نے ضلع ناگر کرنول کے پانچ اسمبلی حلقوں پیڈووور، حضور نگر، کٹّنگور، بھودان پوچم پلی، اور آلیر میں راشن کارڈ تقسیم تقاریب کی قیادت کی۔ ان کے ہمراہ اقلیتی و ایس سی بہبود کے وزیر اڈلوری لکشمن کمار، کمشنر شہری رسدات ڈی ایس چوہان، مقامی ایم ایل ایز اور کانگریس قائدین بھی موجود تھے۔
انہوں نے بتایا کہ 28 جولائی تک تلنگانہ میں 97.9 لاکھ ایکٹو راشن کارڈز موجود ہیں جن کے ذریعے 3.15 کروڑ افراد کو فائدہ پہنچ رہا ہے۔ 26 جنوری 2025 سے اب تک حکومت نے 7.95 لاکھ نئے کارڈز جاری کیے، جبکہ 11.37 لاکھ افراد کو موجودہ کارڈز میں شامل کیا گیا، جس کے نتیجے میں 33.97 لاکھ نئے استفادہ کنندگان نظام میں شامل ہوئے۔

اُتم نے کہا کہ فری فائن رائس اسکیم، جس کا آغاز اُگادی کے موقع پر حضور نگر سے ہوا، آج حکومت کی پہچان بن چکی ہے۔ ہر کارڈ ہولڈر کو فی فرد 6 کلو اعلیٰ معیار کا چاول ماہانہ فراہم کیا جا رہا ہے۔
پہلے مرحلے میں اس اسکیم سے 1.85 کروڑ افراد کو فائدہ ہوا تھا، اور اب توسیعی کارڈ کوریج کے بعد 3.15 کروڑ افراد اس سہولت سے مستفید ہو رہے ہیں۔
انہوں نے زور دیا کہ یہ صرف علامتی اقدام نہیں بلکہ عملی تبدیلی ہے۔ “ہم اسکیمیں صرف حیدرآباد سے اعلان نہیں کر رہے بلکہ ہر بستی، ہر منڈل تک پہنچ کر مسائل حل کر رہے ہیں۔”
وزیر لکشمن کمار نے کہا: “ہر مستحق خاندان، چاہے اس کا پس منظر کچھ بھی ہو، اسے برابری سے خدمت فراہم کی جا رہی ہے۔ تاخیر یا جانبداری کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔”
اجلاس کے اختتام پر اُتم کمار ریڈی نے کہا:
“یہ تلنگانہ کا غذائی انقلاب ہے۔ ہم صرف بھوک نہیں روک رہے بلکہ ناانصافی کا ازالہ کر رہے ہیں۔ فلاح اب احسان نہیں بلکہ حق ہے۔”
