حیدرآباد: ڈپٹی چیف منسٹر ملو بھٹی وکرمارکا نے کہا کہ وزیر اعلیٰ اے ریونت ریڈی کی قیادت میں تلنگانہ کابینہ نے ریاست بھر میں بڑے پیمانے پر Solar Powerکے منصوبے شروع کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
ہفتہ کے روز انہوں نے ڈاکٹر بی آر امبیڈکر سکریٹریٹ سے ضلع کلکٹرز کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کی، جس میں سرکاری عمارتوں پر شمسی توانائی پلانٹس کی تنصیب اور رو ایف آر اراضی پر اندیرا سولر قبائلی ترقی اسکیم کے نفاذ کا جائزہ لیا گیا۔ انہوں نے تمام ضلع کلکٹرز کو ہدایت دی کہ کلکٹریٹ دفاتر کے پارکنگ اور کینٹین پلانز حیدرآباد روانہ کریں۔ چونکہ تمام کلکٹریٹ ایک ہی ڈیزائن کے تحت تعمیر کیے گئے ہیں، اس لیے ضروری تنصیب کے خاکے حیدرآباد سے جاری کیے جائیں گے۔
ڈپٹی چیف منسٹر نے اعلان کیا کہ ریاستی حکومت کے تمام دفاتر، گرام پنچایت سے لے کر سکریٹریٹ تک، میں شمسی توانائی پلانٹس لگائے جائیں گے تاکہ بڑے پیمانے پر بجلی پیدا کی جا سکے۔ انہوں نے کلکٹرز کو ہدایت دی کہ ایک ہفتے کے اندر توانائی محکمہ کے پرنسپل سکریٹری کو مطلوبہ تفصیلات بھیجیں۔
انتظامی عمارتوں کے علاوہ یہ منصوبہ سرکاری اسکولوں، جونیئر کالجوں، ڈگری کالجوں اور اعلیٰ تعلیمی اداروں تک پھیلایا جائے گا۔ بھٹی نے کہا کہ ان عمارتوں کی تفصیلات بھی منصوبہ بندی کے لیے بھیجی جائیں۔ انہوں نے زور دیا کہ ریاستی حکومت نے اندیرا سولر قبائلی ترقی اسکیم کو ترجیحی بنیادوں پر اختیار کیا ہے، اس لیے کسی قسم کی تاخیر سے بچتے ہوئے مقررہ مدت میں مکمل معلومات فراہم کی جائیں۔
جائزہ اجلاس میں توانائی محکمہ کے افسران کے ساتھ ضلع کلکٹرز نے بھی شرکت کی۔




































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































