حیدرآباد: تلنگانہ حکومت نے ریاست کے انجینئرنگ کالجوں میں BTech Seats کی تعداد میں 7,650 کا اضافہ کرتے ہوئے ان نشستوں کو جمعہ سے شروع ہونے والی دوسرے مرحلے کی کونسلنگ میں شامل کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ اس فیصلے سے متعلق سرکاری احکامات جمعرات کی شام جاری کیے گئے، جس کے بعد داخلہ کنوینر نے ان نئی نشستوں کو الاٹمنٹ کی تازہ فہرست میں شامل کر لیا ہے۔
اس توسیع سے قبل کنوینر اور بی زمرے کی نشستوں سمیت ریاست میں مجموعی طور پر تقریباً 1.14 لاکھ بی ٹیک نشستیں دستیاب تھیں، جن میں سے 83,000 نشستیں کنوینر کوٹہ کے تحت تھیں۔ اب نئی منظوری کے ساتھ 7,650 اضافی نشستوں میں سے 70 فیصد یعنی تقریباً 5,355 نشستیں کونسلنگ کے ذریعے پُر کی جائیں گی۔
اس کے علاوہ، کنوینر زمرے کے تحت 10 فیصد ای ڈبلیو ایس (اقتصادی طور پر کمزور طبقات) کوٹے میں بھی تقریباً 530 اضافی نشستیں مختص کی گئی ہیں۔ ان اضافی نشستوں کا فائدہ وی این آر وگنانا جیوتی، ایم وی ایس آر، سی وی آر اور ماترو سری جیسے معروف انجینئرنگ کالجوں کو حاصل ہوا ہے، جنہیں سیٹ انحانسمنٹ کی منظوری ملی ہے۔









































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































