حیدرآباد ۔ کمشنر ٹاسک فورس ویسٹ زون نے بورابنڈہ پولیس کے تعاون سے جمعرات کو ایک شخص کو گرفتار کرلیا جو Hash Oil فروخت کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔ پولیس نے اس کے قبضے سے 200 ملی لیٹر ممنوعہ نشہ آور شے برآمد کی۔
پولیس کے مطابق گرفتار شدہ کی شناخت 26 سالہ پوتابتھنی اوما شنکر، بُنکر، ساکن پوچم پلی ضلع رنگا ریڈی کے طور پر ہوئی ہے۔ خفیہ اطلاع ملنے پر ٹاسک فورس نے بورابنڈہ میں خصوصی کارروائی کرتے ہوئے اُسے اس وقت پکڑا جب وہ منشیات لے کر موجود تھا۔
تلاشی کے دوران 40 چھوٹے ڈبے ضبط کئے گئے جن میں ہر ایک میں 5 ملی لیٹر حشیش آئل تھا۔ مجموعی طور پر 200 ملی لیٹر برآمد ہوا جس کی قیمت تقریباً 1.2 لاکھ روپئے بتائی گئی۔ اس کے علاوہ ایک موبائل فون بھی ضبط کیا گیا جس کے ساتھ برآمدہ مال کی کل مالیت 1.3 لاکھ روپئے تک پہنچ گئی۔
اراکو ویلی سے سپلائی کا انکشاف
ابتدائی پوچھ گچھ میں اوما شنکر نے اقرار کیا کہ اس نے یہ نشہ آور شے آندھرا پردیش کے اراکو ویلی میں موجود ایک نامعلوم سپلائر سے حاصل کی تھی۔ اس نے مزید بتایا کہ وہ Hash Oil مقامی گاہکوں کو منافع کے لئے فروخت کرنے والا تھا۔
پولیس نے بورابنڈہ اسٹیشن میں مقدمہ درج کرلیا ہے اور منشیات کی سپلائی کے بڑے نیٹ ورک کی نشاندہی کے لئے تحقیقات جاری ہیں۔ حکام نے نوجوانوں اور طلبہ کو منشیات سے دور رہنے کی تلقین کی اور والدین سے کہا کہ وہ اپنے بچوں کی سرگرمیوں پر نظر رکھیں۔ پولیس نے اعادہ کیا کہ حیدرآباد کو منشیات سے پاک شہر بنانے کے لئے کارروائیاں جاری رہیں گی۔
