حیدرآباد: منگل کو گاندھی بھون کے باہر اس وقت کشیدگی پیدا ہوگئی جب Unemployed Youthنے “چلو گاندھی بھون” کال کے تحت دو لاکھ سرکاری نوکریوں کے نوٹیفکیشن جاری کرنے کا مطالبہ کیا۔ پولیس نے صبح سے ہی بھاری فورس تعینات کر رکھی تھی اور موقع پر پہنچنے والے مظاہرین کو فوری طور پر حراست میں لے لیا۔
اس احتجاج کے باعث اطراف کے علاقوں میں ٹریفک جام ہوگیا جسے پولیس نے ڈائیورٹ کر کے کلیئر کیا۔ مظاہرین نے کہا کہ ان کا مقصد گاندھی بھون کا محاصرہ کرنا نہیں تھا بلکہ حکومت کو ایک یادداشت پیش کرنا تھا تاکہ زیر التوا بھرتیوں پر فوری کارروائی ہو۔
مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ حکومت جاب کیلنڈر کے مطابق نوٹیفکیشن جاری کرے، جن میں میگا ڈی ایس سی ٹیچر بھرتی میں 20 ہزار آسامیاں، بی پی اوز میں 6 ہزار، پاور سیکٹر میں منظور شدہ 5,368 اسامیاں، اور پولیس ڈپارٹمنٹ میں 20 ہزار آسامیاں شامل ہیں۔ اس کے علاوہ گروپ 1، 2 اور 3 سروسز کے لیے بھی نئے نوٹیفکیشن جاری کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔
کئی مظاہرین نے کانگریس حکومت پر الزام عائد کیا کہ وہ الیکشن وعدوں پر عمل کرنے میں ناکام رہی ہے۔ ایک نوجوان نے کہا، “ہم صرف وہی مانگ رہے ہیں جو ہم سے وعدہ کیا گیا تھا۔”





































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































