حیدرآباد: حکومت کے وہِپ آدی سرینواس نے اعلان کیا ہے کہ BC Reservationکے لیے کانگریس کی جدوجہد اُس وقت تک جاری رہے گی جب تک متعلقہ بل کو آئین کے نویں شیڈول میں شامل نہیں کیا جاتا۔
دہلی کے جنتر منتر پر ہونے والے احتجاج سے قبل آدی سرینواس نے کہا کہ تلنگانہ کانگریس نے مرکز پر دباؤ ڈالنے کے لیے اب براہ راست عملی جدوجہد کا آغاز کر دیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ سیاست، تعلیم، روزگار اور فلاحی اسکیمات میں پسماندہ طبقات کے لیے 42 فیصد ریزرویشن کا حصول پارٹی کا مرکزی مطالبہ ہے۔
اس احتجاج کے سلسلے میں وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی، پردیش کانگریس صدر مہیش کمار گوڑ، اور آل انڈیا کانگریس کمیٹی کی انچارج میناکشی نٹراجن پہلے ہی دہلی پہنچ چکے ہیں۔ ریاست کے مختلف اضلاع سے پارٹی قائدین اور بی سی تنظیموں کے رہنما خصوصی ٹرین کے ذریعے دہلی روانہ ہوئے تاکہ مظاہرے میں شرکت کر سکیں۔
آدی سرینواس کے مطابق اس تحریک کو کئی پسماندہ طبقات کی تنظیموں اور غیر سرکاری اداروں کی حمایت بھی حاصل ہو چکی ہے، جو کانگریس کے کوٹہ میں توسیع کے مطالبے کی تائید کر رہے ہیں۔










































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































