حیدرآباد: بی سی گروکل اداروں کے طلبہ نے سکندرآباد یاٹ کلب کے زیر اہتمام منعقدہ قومی سطح کے ٹی-سکان یوتھ اوپن ریگاٹا سیلنگ مقابلوں میں طلائی، نقرئی اور کانسی کے تمغے جیت کر ریاست تلنگانہ کا نام روشن کیا۔
Optimist Main Fleet کیٹیگری میں چندرائن گٹہ گرلز اسکول کی آٹھویں جماعت کی طالبہ جے سریشا نے چاندی کا تمغہ حاصل کیا، جب کہ منوگوڑو بوائز اسکول کے پانچویں جماعت کے طالب علم وی ہنمنتھو نے کانسی کا تمغہ جیتا۔ کلواکرتی گرلز اسکول کی ساتویں جماعت کی طالبہ ایم اکشارا نے قومی سطح پر چوتھا مقام حاصل کیا۔
بی سی ویلفیئر کے وزیر پونم پربھاکر، سکریٹری سری دھر، مہاتما جیوتی با پھولے بی سی گروکل ایجوکیشنل سوسائٹی کے سکریٹری بدوگو سیدولو اور جوائنٹ سکریٹری تروپتی نے میڈلس جیتنے والے طلبہ کو مبارکباد پیش کی۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے بدوگو سیدولو نے کہا کہ گروکل ادارے تعلیم کے ساتھ ساتھ ہنر مندی پر بھی بھرپور توجہ دے رہے ہیں۔ اسی مقصد کے تحت یاٹ کلب کے اشتراک سے طلبہ کو حسین ساگر پر سیلنگ کی تربیت دی جا رہی ہے۔ اب تک تربیت کے تین مراحل مکمل ہو چکے ہیں، جن میں تیسرا مرحلہ 1 جولائی سے 20 جولائی تک جاری رہا۔
انہوں نے کہا کہ جن BC Gurukul Studentsنے تربیت میں غیر معمولی کارکردگی دکھائی ہے، انہیں اعلیٰ تربیت دی جائے گی اور قومی و بین الاقوامی مقابلوں میں شرکت کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔ اُن کے مطابق یہ نہایت خوش آئند بات ہے کہ تین طلبہ نے قومی سطح پر تمغے حاصل کیے ہیں۔
بدوگو سیدولو نے یہ بھی کہا کہ منتخب طلبہ کو 2026 ایشین گیمز اور 2028 اولمپکس کے لیے تیار کیا جائے گا۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ حکومت کی اسکیمات سے بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے تعلیم اور کھیل دونوں میدانوں میں نمایاں کارکردگی دکھائیں۔





























































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































