حیدرآباد: تلنگانہ حکومت کی جانب سے بونالُو کے تہوار کے موقع پر ٹینک بنڈ کے قریب واقع ایچ ایم ڈی اے گراؤنڈز میں پسماندہ طبقات (بی سی) کے کاریگروں کی پانچ روزہ دستکاری و فوڈ نمائش [en]BC Artisan Exhibition[/en]منعقد کی جا رہی ہے۔
یہ نمائش محکمہ بی سی ویلفیئر کے زیر اہتمام 25 جون سے 29 جون تک روزانہ صبح 10 بجے سے رات 9:30 بجے تک جاری رہے گی۔ عوام کے لیے داخلہ بالکل مفت ہوگا۔
نمائش میں ریاست بھر کے مختلف بی سی طبقات سے تعلق رکھنے والے کاریگروں کی تیار کردہ ماحول دوست و روایتی دستکاری اشیاء پیش کی جائیں گی۔ ساتھ ہی مقامی و علاقائی پکوانوں پر مشتمل فوڈ اسٹالز بھی لگائے جائیں گے، جن میں روایتی طریقوں سے تیار کردہ تلنگانہ کھانے دستیاب ہوں گے۔
بی سی ویلفیئر کے وزیر پونم پربھاکر نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اس نمائش میں بھرپور شرکت کریں، کاریگروں کی حوصلہ افزائی کریں اور ان کی مصنوعات خرید کر تعاون کریں۔ انہوں نے کہا کہ یہ نمائش نہ صرف بی سی طبقات کو بااختیار بنانے کا پلیٹ فارم ہے بلکہ بونالُو کے تہوار کے دوران تلنگانہ کی ثقافتی شناخت کا جشن بھی ہے۔























































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































