حیدرآباد: [en]Hyderabad[/en] کے مصروف علاقے ایس آر نگر میں بدھ کی رات دو الگ الگ مقامات پر آگ لگنے کے واقعات پیش آئے، جن میں کرِش اِن ریسٹورنٹ اور کیفے کافی ڈے شامل ہیں۔ حکام کے مطابق، کرِش اِن میں آگ پانچ منزلہ عمارت کی نچلی منزل پر لگی، جو ایس آر نگر ٹریفک پولیس اسٹیشن کے قریب واقع ہے۔ شبہ ہے کہ یہ آگ شارٹ سرکٹ کے باعث بھڑکی۔
ریسٹورنٹ کے عملے نے فوری طور پر فائر ڈپارٹمنٹ کو اطلاع دی، جس پر فائر فائٹرز موقع پر پہنچ گئے اور آگ پر قابو پا لیا۔ اوپری منزلوں پر دھواں بھرنے سے عمارت میں رہنے والے افراد میں خوف و ہراس پھیل گیا، تاہم فائرفائٹرز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے تمام افراد کو بحفاظت باہر نکال لیا۔ خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان رپورٹ نہیں ہوا۔
اسی دوران، کیفے کافی ڈے میں بھی آگ بھڑک اٹھی، جس سے ریسٹورنٹ کے اندر شدید دھواں پھیل گیا۔ فائر بریگیڈ کی ٹیموں نے فوری پہنچ کر انخلا کی کارروائی شروع کی اور انجنوں کی مدد سے آگ بجھانے کی کوشش کی۔ اس واقعے کی مکمل تفصیلات ابھی موصول نہیں ہوئیں۔
حیدرآباد میں آئے دن پیش آنے والے آگ کے حادثات نے شہریوں میں تشویش پیدا کر دی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ کئی منزلہ رہائشی عمارتیں، فیکٹریاں اور شاپنگ مالز بغیر کسی بنیادی فائر سیفٹی انتظامات کے چلائے جا رہے ہیں، حالانکہ ان میں کروڑوں روپئے کی سرمایہ کاری ہو چکی ہے۔ تعمیراتی مراحل میں ناقص برقی وائرنگ شارٹ سرکٹ کا اہم سبب بن رہی ہے۔
ماہرین تجویز دیتے ہیں کہ ہر 15 سال بعد وائرنگ کی تجدید، پینل خاکے کی تیاری، خودکار ٹرپ سوئچز کی تنصیب اور 10 کلو واٹ سے زائد برقی لوڈ کے لیے مناسب ارتھنگ کا نظام ناگزیر ہے۔ ان اصولوں کو نظر انداز کرنے سے نہ صرف مالی نقصان بلکہ قیمتی جانوں کا ضیاع بھی ہو سکتا ہے۔




























































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































