حیدرآباد: Telangana Irrigationکے وزیر کیپٹن این اُتم کمار ریڈی نے ریاست میں شدید سے نہایت شدید بارش کے پیش نظر تمام ڈیمز، ذخائر، نہروں اور ٹینکوں پر 24 گھنٹے کڑی نگرانی رکھنے کا حکم دیا ہے۔
بدھ کو جاری ہنگامی ہدایات میں انہوں نےانجینئروں کو کہا کہ کاغذی کارروائی میں وقت ضائع کیے بغیر فوری طور پر فنڈز استعمال کر کے حفاظتی اقدامات کریں۔ انہوں نے سینئر عہدیداروں کو ہدایت دی کہ اگلے 72 گھنٹے اپنے تفویض کردہ پراجکٹس پر موجود رہیں۔
یہ احکامات انہوں نے ایک اعلیٰ سطحی ویڈیو کانفرنس کے دوران دیے جس میں انجینئرز اِن چیف، چیف انجینئرز اور دیگر سینئر افسران شریک تھے۔ پرنسپل سکریٹری (آبپاشی) راہول بوجا اور اسپیشل سکریٹری پرشانت پاٹل بھی اجلاس میں موجود تھے۔ یہ میٹنگ منگل کو وزیراعلیٰ اے ریونت ریڈی کی جانب سے ضلع کلکٹرز کے ساتھ بارش کی صورتحال کے جائزے کے بعد منعقد ہوئی۔
محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کا حوالہ دیتے ہوئے اُتم کمار ریڈی نے کہا کہ بھدرادری کوتہ گوڑم، جے شنکر بھوپال پلی، کھمم، میدک، میڈچل۔ملکاجگری، مُلّگ، سنگاریڈی، سوریہ پیٹ، وقارآباد اور یادادری۔بھونگیر میں اگلے 24 گھنٹوں میں نہایت شدید بارش کا امکان ہے، جبکہ دیگر کئی اضلاع میں تین دن تک شدید بارش ہو سکتی ہے۔
انہوں نے کہا اس اہم دورانیے میں کوئی بھی افسر اپنی ذمہ داری سے غیر حاضر نہ ہو۔ گاؤں کے چھوٹے ٹینکوں سے لے کر بڑے ڈیمز تک ہر مقام پر مسلسل نظر رکھی جائے اور خطرے کی کوئی بھی علامت فوری طور پر ضلع کلکٹر، چیف انجینئر اور سکریٹری آبپاشی کو اطلاع دی جائے۔
وزیر نے افسران کو ہدایت دی کہ بھرے ہوئے ذخائر کی مسلسل نگرانی کریں اور کسی بھی شگاف کی صورت میں فوری کارروائی کریں۔ انہوں نے محکمہ ریونیو اور پولیس کے ساتھ تال میل قائم کرنے، ڈیمز اور سیلاب زدہ علاقوں میں گشت بڑھانے اور بہاؤ، رساؤ یا ڈھانچے پر دباؤ کی خصوصی جانچ کرنے کی ہدایت دی۔
کسی تاخیر سے بچنے کے لیے اُتم کمار ریڈی نے جی او 45 کے تحت دستیاب فنڈز کے فوری استعمال کی اجازت دی۔ ان کے بقول یہ کاغذی کارروائی کا وقت نہیں بلکہ فوری اور فیصلہ کن کارروائی کا وقت ہے۔
انہوں نے ناگرجنا ساگر، جورالا اور کڈم سمیت تمام بڑے ذخائر کے پانی کی سطح، بہاؤ اور فلڈ گیٹ کی تیاری کا جائزہ لیا۔ اگرچہ حکام نے صورتحال کو قابو میں بتایا، تاہم فیلڈ مانیٹرنگ مزید سخت کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
وزیر نے کہا کہ وہ ہنگامی کالز کے لیے ہر وقت دستیاب رہیں گے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ بھاری بہاؤ اور ممکنہ شگاف کے وقت ہر لمحہ قیمتی ہوتا ہے۔
