حیدرآباد: گوالاپورم پولیس نے ایک بڑے سروگیسی اسکینڈل کا پردہ فاش کرتے ہوئے 26 افراد کو گرفتار کر لیا ہے، جن میں مرکزی ملزم ڈاکٹر نمرتا بھی شامل ہے۔ یہ معاملہ Srushti کے نام سے چلنے والی فرضی سروس کے ذریعے کیے جانے والے بچوں کی خرید و فروخت کا ہے، جس کی مالیت 20 کروڑ روپئے سے تجاوز کر چکی ہے۔
پولیس کے مطابق ڈاکٹر نمرتا خود کو سروگیسی فراہم کرنے والی ماہر کے طور پر پیش کرتی تھی اور اب تک تقریباً 50 افراد کو دھوکہ دے چکی ہے۔ اس نے خاص طور پر قبائلی پس منظر رکھنے والی خواتین کو نشانہ بنایا اور ان کے نوزائیدہ بچوں کو زبردستی فروخت کیا۔ تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ وہ ہر ماں کو 5 لاکھ روپئے ادا کرتی تھی اور ہر بچہ 50 لاکھ روپئے تک میں خریداروں کو فروخت کیا جاتا تھا۔ اب تک تقریباً 80 بچوں کی اسمگلنگ کا شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
پولیس نے بتایا کہ ایک اور ملزمہ سنتوشی نے ایجنٹوں کے ذریعے 18 نوزائیدہ بچوں کا انتظام کیا تھا۔ بچائے گئے بچوں کو ریاستی شیلٹر ہوم ’سشو ویہار‘ منتقل کرنے کی تیاری کی جا رہی ہے۔
مزید انکشافات کے مطابق ڈاکٹر نمرتا حاملہ خواتین کو نقد رقم کا لالچ دے کر قبل از وقت آپریشن کرواتی تھی تاکہ بچوں کو جلد از جلد فروخت کیا جا سکے۔ حکام نے ڈاکٹر نمرتا کے بینک اکاؤنٹس منجمد کر دیے ہیں اور ان ماؤں کی شناخت کی کوششیں جاری ہیں جنہوں نے یہ بچے جنم دیے۔
تحقیقات میں روز بروز نئے اور ہوشربا انکشافات سامنے آ رہے ہیں، اور پولیس کا کہنا ہے کہ یہ معاملہ ابھی پوری طرح ختم نہیں ہوا۔










































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































