حیدرآباد: تلنگانہ کے چیف سکریٹری کے رام کرشنا راؤ نے ریاست کی مختلف عدالتوں میں زیر التواء مقدمات کی تعداد کم کرنے کیلئے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال پر مبنی ایک جامع منصوبہ تیار کرنے کی ہدایت دی۔ جمعرات کو ڈاکٹر بی آر امبیڈکر اسٹیٹ سکریٹریٹ میں ایک جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے زور دیا کہ ڈیجیٹل ریکارڈز مینجمنٹ، کورٹ کیس مانیٹرنگ سسٹم (سی سی ایم ایس) کے ذریعہ مقدمات کی پیش رفت کی مسلسل نگرانی اور محکموں کے درمیان قریبی تال میل کے ذریعے مقدمات کے فیصلوں میں تیزی اور شفافیت لائی جا سکتی ہے۔
انہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ سپریم کورٹ کے علاوہ بہار، تمل ناڈو، اوڈیشہ اور پنجاب میں رائج مانیٹرنگ سسٹمز کا مطالعہ کریں اور تلنگانہ کیلئے اسی طرز کا ماڈل اختیار کریں۔ وزیر اعلیٰ اے ریونت ریڈی کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے چیف سکریٹری نے کہا کہ محکمے نئی ٹیکنالوجی کو نہ صرف مقدمات کے بیک لاگ کم کرنے بلکہ حکمرانی میں شفافیت کو مزید مستحکم کرنے کیلئے بروئے کار لائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ نظام ریاست کے “رائزنگ تلنگانہ 2047” کے ہدف کی تکمیل میں مددگار ثابت ہوگا۔
تلنگانہ Court Cases کے منصوبے کو ایک ہفتے میں حتمی شکل دینے کی ہدایت دیتے ہوئے رام کرشنا راؤ نے لاء، ریونیو اور ہوم محکموں کے افسران سے کہا کہ وہ نیشنل انفارمیٹکس سنٹر کے ساتھ قریبی رابطہ رکھ کر اس منصوبے کو جلد مکمل کریں۔ اس اجلاس میں اسپیشل چیف سکریٹری وکاس راج، اسپیشل پرنسپل سکریٹری (ہوم) روی گپتا، وزیر اعلیٰ کے چیف سکریٹری شیشادری، ریونیو سکریٹری لوکیش کمار، جی اے ڈی سکریٹری بی ایم ڈی ایکا، سی سی ایل اے سکریٹری مکّرند، لاء سکریٹری تروپتیاہ اور دیگر سینئر افسران شریک تھے۔















































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































