حیدرآباد: سابق رکن پارلیمنٹ اور بی آر ایس کے سینئر لیڈر بی ونود کمار نے کہا ہے کہ ریاست تلنگانہ میں پسماندہ طبقات کے تحفظات میں مجوزہ اضافہ اس وقت تک قانونی حیثیت حاصل نہیں کرسکتا جب تک اسے دستور کے نویں شیڈول میں شامل نہ کیا جائے۔
بدھ کے روز تلنگانہ بھون میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ونود کمار نے انتباہ دیا کہ ریاستی حکومت کی طرف سے آرڈیننس کے ذریعے BC Quotaنافذ کرنے کی کوشش آئینی جانچ میں ناکام ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ انڈرا ساہنی فیصلے کے تحت سپریم کورٹ نے 50 فیصد کی حد مقرر کی ہے، جس سے تجاوز صرف آئینی ترمیم کے ذریعے ہی ممکن ہے۔
انہوں نے کہا کہ “ہمیں پہلے سے علم تھا کہ آرڈیننس منظور نہیں ہوگا۔ صرف نویں شیڈول میں شامل کرکے ہی تحفظ دیا جا سکتا ہے۔”
بی آر ایس لیڈر نے بی جے پی اور کانگریس دونوں کو بی سی تحفظات پر سیاست کرنے کا الزام دیا۔ انہوں نے کہا کہ “نہ مودی میں نیت ہے نہ راہول میں عمل کی ہمت۔ اگر چاہیں تو ایک گھنٹے میں پارلیمنٹ میں بل پاس ہوسکتا ہے۔”
انہوں نے مطالبہ کیا کہ بطور اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی ایک پرائیویٹ ممبر بل پیش کریں اور وزیراعظم سے براہِ راست بات کریں۔ ونود نے ریاستی کابینہ کے دہلی احتجاج کو “ڈرامہ” قرار دیتے ہوئے کہا کہ “راہول کو لے کر سیدھے وزیر اعظم کے پاس جائیں، یہی کافی ہے۔”
ونود کمار نے سابق وزیراعلیٰ کے چندر شیکھر راؤ اور موجودہ وزیراعلیٰ ریونت ریڈی کی قراردادوں کو ایک ساتھ جوڑ کر مرکزی قانون میں تبدیل کرنے کی تجویز دی۔ انہوں نے کہا کہ “کے سی آر نے بی سی طبقات کو مواقع دینے میں کبھی ترمیم کا انتظار نہیں کیا، انہوں نے بی سی برادری سے ایڈوکیٹ جنرل کا تقرر بھی کیا۔”
انہوں نے بی جے پی کی طرف سے بی سی چیف منسٹر کے وعدے کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے سوال کیا کہ “جب آپ بی سی کوٹہ کی توسیع کی حمایت نہیں کرتے تو چیف منسٹر بی سی طبقے سے دینے کا وعدہ کیسے معتبر ہو سکتا ہے؟”
ونود کمار نے مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ آئین کی دفعہ 243D میں ترمیم کرے اور ریاست کے بی سی تحفظاتی قانون کو نویں شیڈول میں شامل کر کے اسے آئینی تحفظ فراہم کرے۔




































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































