حیدرآباد: نلگنڈہ کی ایک خصوصی عدالت برائے بچوں کے جنسی جرائم (POCSO) نے 2013 میں 12 سالہ بچی کے ساتھ زیادتی اور قتل کے جرم میں ایک شخص کو دو مرتبہ سزائے موت سنائی ہے۔ انچارج جج روجا رمانی نے مجرم پر کل 1.10 لاکھ روپئے جرمانہ عائد کرتے ہوئے متاثرہ خاندان کو 10 لاکھ روپئے معاوضہ دینے کا حکم بھی دیا۔
عدالتی فیصلے کے مطابق مجرم محمد مکرم نے کمسن لڑکی کو اپنے گھر بلا کر زیادتی کی اور قتل کرنے کے بعد اس کی لاش کو ایک نالے میں پھینک دیا۔ متاثرہ کے اہل خانہ نے نلگنڈہ ون ٹاؤن پولیس اسٹیشن میں گمشدگی کی شکایت درج کروائی جس پر پولیس نے POCSO ایکٹ اور قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا۔
یہ مقدمہ نلگنڈہ ڈسٹرکٹ کورٹ میں ایک دہائی تک زیر سماعت رہا۔ قتل کے جرم میں عدالت نے محمد مکرم کو تعزیرات ہند کے تحت سزائے موت اور 50,000 روپئے جرمانے کی سزا سنائی۔ زیادتی کے جرم میں POCSO ایکٹ کے تحت ایک اور سزائے موت اور 50,000 روپئے جرمانے کی سزا دی گئی۔ ثبوت مٹانے کے الزام میں مجرم کو تعزیرات ہند کے تحت 7 سال قید اور 10,000 روپئے جرمانے کی سزا سنائی گئی۔
متاثرہ خاندان نے اس فیصلے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ طویل انتظار کے بعد انصاف ملا ہے۔















































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































