حیدرآباد: بنگلورو کے مادنا یکانہلی علاقہ میں 22 سالہ اسپندنا نے مبینہ طور پر Dowry Harassmentسے تنگ آ کر خودکشی کر لی۔ رپورٹ کے مطابق اسپندنا نے جمعرات کے دن اپنے شوہر ابھیشیک سے جھگڑے کے بعد پھانسی لگا لی، حالانکہ دونوں نے ایک سال قبل محبت کی شادی کی تھی۔
بتایا گیا ہے کہ شادی کے باوجود ابھیشیک مسلسل اسپندنا پر جہیز کے لیے دباؤ ڈال رہا تھا۔ اماؤسیہ کے موقع پر مذہبی رسم کے دوران، جب اسپندنا نے شوہر کے پیر چھو کر آشیر واد لینے کی کوشش کی، تو اس نے سختی سے جھڑک دیا اور کہا کہ یہ سب رسمیں اس وقت تک بیکار ہیں جب تک جہیز نہ ملے۔
یہ توہین آمیز سلوک اسپندنا کے لیے ناقابل برداشت ثابت ہوا۔ اس نے فوری طور پر اپنی بہن کو واٹس ایپ پر پیغام بھیجا، جس میں مسلسل بڑھتی ہوئی ہراسانی کا ذکر کرتے ہوئے اپنی موت کا ذمہ دار شوہر اور سسرالی خاندان کو ٹھہرایا۔ کچھ ہی دیر بعد اس نے پھانسی لگا لی۔
اسپندنا کے والدین نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ خودکشی نہیں بلکہ قتل ہو سکتا ہے جسے خودکشی کا رنگ دیا گیا ہے۔ انہوں نے ابھیشیک اور اس کے افراد خاندان کے خلاف جہیز کے لیے ہراسانی، خودکشی پر اُکسانے اور ممکنہ قتل کا مقدمہ درج کروایا ہے۔



















































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































