حیدرآباد: کوکٹ پلی کے رکن اسمبلی مدھورم کرشنا راؤ نے کانگریس حکومت پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ عوام سے کئے گئے انتخابی وعدوں، خاص طور پر شادی امدادی اسکیم [en]Wedding Scheme[/en] سے متعلق وعدوں کو پورا کرنے میں ناکام رہی ہے۔
بالانگر تحصیلدار دفتر میں شادی مبارک اور کلیان لکشمی اسکیم کے تحت 56 مستحقین میں چیکس تقسیم کرنے کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے رکن اسمبلی نے سوال اٹھایا کہ کانگریس نے لڑکیوں کی شادی کے لیے 1 لاکھ روپئے اور ایک تولہ سونا دینے کا جو وعدہ کیا تھا، اس کا کیا ہوا؟
انہوں نے کہا کہ سابق حکومت میں چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی قیادت میں معاشی طور پر پسماندہ طبقات سے تعلق رکھنے والی لڑکیوں کی شادی کے لیے 1.16 لاکھ روپئے منظور کیے جاتے تھے، جس سے ہزاروں خاندانوں کو فائدہ ہوا۔
اس موقع پر بوئن پلی کے کارپوریٹر مددم نرسمہا یادو، بیگم پیٹ کی کارپوریٹر مہیشوری سری ہری اور تحصیلدار سرینواس راؤ بھی موجود تھے۔ رکن اسمبلی نے مزید کہا کہ شادی اسکیم جیسے وعدے صرف انتخابی جملے بن کر رہ گئے ہیں، جبکہ زمینی سطح پر ان کا کوئی اثر نظر نہیں آتا۔







































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































