حیدرآباد:تلنگانہ بھارتیہ جنتا پارٹی کے صدر این رامچندر راؤ نے جمعہ کے روز خواتین سے اپیل کی کہ وہ آنے والے انتخابات میں BJPکا ساتھ دیں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی خواتین کی فلاح و بہبود اور بااختیاری کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔
رنگا ریڈی ضلع کے آلور گاؤں میں منعقدہ مہیلا سمیلن سے رامچندر راو خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس اور کانگریس دونوں حکومتیں ریاست میں خواتین کو حقیقی فائدے پہنچانے میں ناکام رہی ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے مرکزی حکومت کی کئی اسکیموں جیسے اجولا یوجنا، سُکنیا سمِردھی یوجنا، بیٹی بچاؤ بیٹی پڑھاؤ، اسٹینڈ اپ انڈیا اور اسٹارٹ اپ انڈیا کا حوالہ دیا۔
انہوں نے کہا کہ 2014 سے پہلے بہت کم خواتین کے بینک اکاؤنٹ تھے، لیکن نریندر مودی کے وزیراعظم بننے کے بعد لاکھوں خواتین کو جن دھن یوجنا سے فائدہ پہنچا۔ راؤ نے اس بات کی بھی نشاندہی کی کہ بی جے پی نے ایک قبائلی خاتون دروپدی مرمو کو صدر جمہوریہ کے منصب تک پہنچایا اور مرکزی کابینہ میں دو خواتین کو شامل کیا۔
راؤ نے الزام لگایا کہ کانگریس خواتین کو جھوٹے وعدوں سے گمراہ کر رہی ہے جن میں ماہانہ 2,500 روپئے امداد، شادیوں کے لیے 1 لاکھ روپئے اور ایک تولہ سونا، اور نوجوان خواتین کے لیے مفت اسکوٹر شامل ہیں۔ انہوں نے یاد دلایا کہ وزیراعظم مودی ہی وہ رہنما ہیں جنہوں نے خواتین کے لیے 33 فیصد ریزرویشن کو یقینی بنایا۔
مقامی مسائل پر روشنی ڈالتے ہوئے راؤ نے کہا کہ خواتین نے شکایت کی ہے کہ مفت بس سہولت کے اعلان کے بعد آر ٹی سی بس خدمات میں کٹوتی کی گئی، جس سے دیہی علاقوں میں خواتین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ خواتین مقامی ادارہ جاتی انتخابات میں بی جے پی کا ساتھ دیں اور برسر اقتدار کانگریس کو سبق سکھائیں۔
قبل ازیں راؤ نے چیوڑلا حلقہ کے خانہ پور گاؤں میں کاٹن کسانوں سے بھی ملاقات کی۔




































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































