حیدرآباد: تلنگانہ میں منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف ایک بڑی کارروائی میں EAGLE ٹیم نے اوڈیشہ سے تعلق رکھنے والے دو اسمگلروں کو گرفتار کرتے ہوئے 847 کلو گرام گانجہ ضبط Marijuana Seizureکر لیا، جس کی بازار میں مالیت تقریباً 4.2 کروڑ روپئے بتائی گئی ہے۔
یہ گانجہ 411 پیکٹوں میں بند تھا اور اسے 26 تھیلوں میں بھر کر ایک ایس یو وی گاڑی کے ذریعے منتقل کیا جا رہا تھا۔ پولیس نے اس گاڑی کے علاوہ دو موبائل فون اور ایک تلوار بھی ضبط کی ہے، جسے ملزمان مبینہ طور پر اپنی حفاظت کے لیے ساتھ لے جا رہے تھے۔
تحقیقات کے مطابق دونوں گرفتار افراد اوڈیشہ کے رہنے والے ہیں اور اس سے قبل بھی منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث رہ چکے ہیں۔ وہ اس بار آندھرا-اوڈیشہ سرحد عبور کرتے ہوئے گانجہ کی کھیپ کو تلنگانہ میں مختلف سپلائی مراکز تک پہنچانے کی کوشش کر رہے تھے۔
پولیس نے اس کارروائی کو منظم منشیات نیٹ ورک کے خلاف ایک بڑی کامیابی قرار دیا، جو قبائلی علاقوں سے شہری مراکز تک گانجہ سپلائی کرنے میں ملوث ہے۔





































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































