حیدرآباد: ایک انڈیگو پرواز، جو بنگلورو سے حیدرآباد کے لیے روانہ ہوئی تھی، کو منگل کی رات تکنیکی خرابی کے باعث آندھرا پردیش کے گناورم ہوائی اڈہ پر [en]Emergency Landing[/en] کرنا پڑی۔ پرواز میں تقریباً 200 مسافر سوار تھے۔
ذرائع کے مطابق، پرواز کے بنگلورو سے روانہ ہونے کے کچھ ہی دیر بعد پائلٹوں نے تکنیکی مسئلہ محسوس کیا اور ہنگامی پروٹوکول کے تحت طیارے کا رخ گناورم کی طرف موڑا۔ پائلٹس نے فوری طور پر گناورم کنٹرول ٹاور سے رابطہ کر کے ہنگامی لینڈنگ کی اجازت طلب کی۔
طیارہ بحفاظت اتار لیا گیا اور کوئی حادثہ پیش نہیں آیا۔ ہوائی اڈہ کے حکام نے بتایا کہ پائلٹس کے بروقت الرٹ کے باعث گراؤنڈ اسٹاف نے فوری طور پر ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی تیاری کر لی تھی۔
تمام مسافر محفوظ رہے، جبکہ پرواز کو روکنے کے بعد انجنئیرز نے طیارے کا معائنہ شروع کر دیا۔
قابل ذکر ہے کہ حالیہ ہفتوں میں مختلف ہندوستانی ایئرلائنز میں تکنیکی خرابیوں کے متعدد واقعات سامنے آئے ہیں، اور یہ واقعہ بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔









































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































