حیدرآباد: کانگریس کے ایم ایل سی اڈنکی دیاکر نے جمعرات کے روز سپریم کورٹ کے اُس فیصلے کے بعد بی آر ایس اور بی جے پی کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا، جس میں اسپیکر کو تین ماہ کے اندر Defector MLAsپر نااہلی کی درخواستوں پر فیصلہ لینے کی ہدایت دی گئی ہے۔
سی ایل پی دفتر میں میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے دیاکر نے کہا کہ بی آر ایس اور بی جے پی کو جمہوریت پر بات کرنے کا کوئی اخلاقی حق نہیں۔ انہوں نے سپریم کورٹ کی جانب سے انحراف پر پارلیمانی قانون سازی کی سفارش کا خیرمقدم کیا، لیکن سوال اٹھایا کہ 11 ریاستوں میں بی جے پی کی طرف سے کی گئی سیاسی خرید و فروخت پر کوئی سوال کیوں نہیں کیا جا رہا۔
انہوں نے کہا: “مودی نے کئی ریاستوں میں کانگریس کے ارکان کو لبھایا، اور یہاں کے سی آر نے وہی طریقہ اپنایا۔ بی آر ایس اور بی جے پی میں کوئی فرق نہیں۔”
دیاکر نے نشاندہی کی کہ بی آر ایس نے اپنے دورِ اقتدار میں کانگریس، تلگو دیشم، بی ایس پی، سی پی آئی اور وائی ایس آر کانگریس سے ارکان کو شامل کر کے حزب اختلاف کو ختم کر دیا تھا۔ اب جب 10 ارکان کانگریس کے ساتھ آ گئے ہیں تو بی آر ایس مصنوعی غصے کا مظاہرہ کر رہی ہے۔
انہوں نے الزام لگایا کہ بی آر ایس نے برسوں تک غیرجمہوری طریقوں کا استعمال کیا، اور اب جب سیاسی زمین کھسکنے لگی ہے تو آئین کی دہائی دے رہی ہے۔ “انہیں آئین صرف اس وقت یاد آتا ہے جب اقتدار ہاتھ سے نکلتا ہے،” دیاکر نے کہا۔
انہوں نے مزید کہا کہ کانگریس اسپیکر کے فیصلے کا احترام کرے گی اور اسپیکر گڈم پرساد کمار کی آئینی بصیرت پر مکمل اعتماد رکھتی ہے۔
سابق وزیر اعلیٰ کے چندر شیکھر راؤ پر تنقید کرتے ہوئے دیاکر نے کہا کہ انہوں نے دلت کو وزیر اعلیٰ بنانے کا وعدہ پورا نہیں کیا اور یہاں تک کہ دلت سی ایل پی لیڈر کو بھی برداشت نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس اب اپنی سیاسی شبیہ کو نیا رنگ دینے کی کوشش کر رہی ہے، جب کہ برسوں تک جمہوری اقدار کو نقصان پہنچایا گیا۔



































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































