حیدرآباد: وزیر پونم پربھاکر نے لوک سبھا میں قائد حزبِ اختلاف راہل گاندھی، آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے صدر ملیکارجن کھڑگے، پرینکا گاندھی اور دیگر اپوزیشن اراکین پارلیمنٹ کی گرفتاری Rahul Priyanka Arrestsکو غیر جمہوری قرار دیتے ہوئے شدید مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ گرفتاریاں اس وقت ہوئیں جب یہ قائدین مبینہ ووٹر فہرست میں بے ضابطگیوں کے خلاف یادداشت الیکشن کمیشن کو پیش کرنے کے لیے ایک پرامن ریلی نکالنے والے تھے۔
پونم پربھاکر نے کہا کہ راہل گاندھی ملک گیر سطح پر بھارت جوڑو نیاے یاترا کی قیادت کر رہے ہیں تاکہ جمہوریت اور دستور کا دفاع کیا جا سکے اور اب وہ مبینہ ووٹ چوری کے خلاف آواز بلند کر رہے ہیں۔ ان کے بقول بی جے پی حکومت اختلافِ رائے کو دبانے کی کوشش کر رہی ہے اور اس کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔
انہوں نے الزام لگایا کہ بی جے پی نہ تو ووٹر لسٹ میں بے ضابطگیوں کی حقیقت برداشت کر پا رہی ہے اور نہ ہی اپوزیشن کو احتجاج کا حق دے رہی ہے۔ راہل گاندھی، پرینکا گاندھی اور دیگر اراکین پارلیمنٹ کی گرفتاری جمہوریت پر کاری ضرب ہے اور اس سے ملک کے مستقبل پر سنجیدہ سوال اٹھتے ہیں۔
پونم پربھاکر نے تمام گرفتار قائدین کی فوری رہائی اور ان کے احتجاج کے حق کی بحالی کا مطالبہ کیا۔ ساتھ ہی الیکشن کمیشن سے اپیل کی کہ وہ راہل گاندھی کے ووٹ چوری کے الزامات پر کارروائی کرے اور اصلاحی اقدامات اٹھائے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی، وزیر داخلہ امیت شاہ اور بی جے پی حکومت کو ایسے اقدامات سے خوش فہمی میں مبتلا نہیں ہونا چاہیے جو جمہوریت کو نقصان پہنچاتے ہیں۔





























































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































