حیدرآباد ۔ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے آج پورے ملک میں ’جی ایس ٹی سیونگز فیسٹیول‘ کے نام سے ایک خصوصی مہم شروع کی۔ اس GST Savings Festival کا مقصد نئے جی ایس ٹی ریفارمز کے فوائد کو اجاگر کرنا ہے۔ یہ ایک ہفتے پر مشتمل مہم 29 ستمبر تک ملک بھر کی منڈیوں میں جاری رہے گی۔
پارٹی کے ارکان پارلیمان اور کارکن روزانہ مختلف بازاروں کا دورہ کریں گے تاکہ عوام کو نئی جی ایس ٹی شرحوں کے بارے میں آگاہ کیا جا سکے اور ایک تہوار جیسا ماحول پیدا کیا جا سکے۔ یہ مہم جی ایس ٹی 2.0 کے نفاذ کے ساتھ ہی شروع کی گئی ہے، جو دو سطحی ٹیکس نظام لاتی ہے اور 375 سے زائد اشیاء بشمول ضروریاتِ زندگی پر ٹیکس کم کرتی ہے۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے اتوار کو اپنے خطاب میں ’جی ایس ٹی اتسو‘ کا اعلان کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ آج سے عوام اپنی پسندیدہ اشیاء باآسانی اور کم قیمت پر حاصل کر سکیں گے، اور یہ ہر ہندوستانی کے لیے ایک سیونگ فیسٹیول ہے۔
پدیاترائیں اور سودیشی مہم
مہم کے دوران بی جے پی قائدین صبح اور شام میں مختلف بازاروں میں پدیاترائیں کریں گے، دکانداروں سے ملاقات کریں گے، پھول پیش کریں گے اور نوراتری کی مبارکباد دیں گے۔ اس کے علاوہ وہ نعرے درج شدہ پلے کارڈ تقسیم کریں گے جن پر تحریر ہوگا کہ ’فخر سے کہو یہ سودیشی ہے‘ اور ’فخر سے کہو یہ میڈ اِن انڈیا ہے‘۔ دکانداروں سے کہا گیا ہے کہ وہ انہیں نمایاں طور پر آویزاں کریں۔
یہ GST Savings Festival مہم ’سودیشی کیمپین‘ سے بھی جڑی ہے جس میں ریلی نکالی جائے گی اور بھارتی مصنوعات کے فروغ کے لیے بینرز اور پلے کارڈز مقامی زبانوں میں تقسیم کیے جائیں گے۔ پارٹی قیادت نے ارکان پارلیمان کو ہدایت دی ہے کہ وہ اپنی سرگرمیوں کی تفصیلات ریاستی اور مرکزی دفاتر کو جمع کرائیں۔
حکام کے مطابق نئی جی ایس ٹی شرحوں سے کھانے پینے کی اشیاء، دوائیں اور گھریلو استعمال کے سامان سستے ہو گئے ہیں۔ اس اقدام سے متوسط طبقے، غریبوں، خواتین، نوجوانوں اور چھوٹے کاروباروں کو خاطر خواہ فائدہ پہنچے گا۔
