حیدرآباد: حیدرآباد کے ونستھلی پورم علاقے میں ایک پوسٹل ملازم نے Online Bettingکے باعث مالی بحران میں مبتلا ہو کر خودکشی کر لی۔ پولیس کے مطابق متوفی کی شناخت نریش کے طور پر ہوئی ہے، جو آندھرا پردیش کے ضلع وجیانگرم کے بوبّلی کا رہنے والا تھا۔
نریش اپنی اہلیہ کیرتی اور بیٹی بھاویا کے ساتھ حیدرآباد میں مقیم تھا اور محکمہ ڈاک میں ملازم تھا۔ پولیس نے بتایا کہ نریش کو کافی عرصے سے آن لائن سٹہ بازی کی لت لگ چکی تھی، جس نے اسے شدید مالی مشکلات میں مبتلا کر دیا تھا۔
خودکشی نوٹ میں 15 لاکھ کے قرض اور سٹہ بازی کا اعتراف
تحقیقات کے دوران پولیس کو ایک خودکشی نوٹ ملا ہے، جس میں نریش نے اعتراف کیا کہ وہ آن لائن بیٹنگ ترک کرنے میں ناکام رہا اور اس وجہ سے اس پر تقریباً 15 لاکھ روپئے کا قرض چڑھ گیا۔ قرض کی واپسی میں ناکامی اور ذہنی دباؤ کے باعث اس نے یہ انتہائی قدم اٹھایا۔
بتایا گیا ہے کہ نریش گزشتہ چند دنوں سے بیمار تھا اور گھر میں ہی مقیم تھا۔ واقعہ کے وقت اس کے اہلِ خانہ گھر پر موجود نہیں تھے، جس کا اس نے فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنی جان لے لی۔
پولیس نے مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔




































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































