حیدرآباد: بی آر ایس کے ورکنگ صدر کے ٹی راما راؤ نے تلنگانہ حکومت سے اپیل کی ہے کہ وہ Sircillaکے پاورلوم مزدوروں کو درپیش مالی بحران کے حل کے لیے فوری اقدامات کرے۔ انہوں نے ہفتہ کے دن ڈپٹی چیف منسٹر و وزیر فینانس و انرجی مالو بھٹی وکرمارکا کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے 35.48 کروڑ روپئے کے بقایا بجلی بلز کی معافی اور 101.77 کروڑ روپئے کی بقیہ سبسڈی کے اجرا کا مطالبہ کیا۔
کے ٹی آر نے کہا کہ سرسلہ میں تقریباً 25,000 پاورلوم مشینیں ہیں اور یہ طویل عرصے سے بُنائی کا ایک اہم مرکز رہا ہے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ بی آر ایس حکومت کے دوران بتکماں ساڑی اسکیم متعارف کی گئی تھی تاکہ بُنکرز کو مستقل روزگار اور آمدنی حاصل ہو، کیونکہ پہلے کے حالات میں کئی مزدور خودکشی پر مجبور ہو گئے تھے۔ لیکن اب موجودہ مشکلات پھر سے مزدوروں کو مایوسی کی طرف دھکیل رہی ہیں۔
کے ٹی آر نے وضاحت کی کہ پہلے ان یونٹس کو کاٹیج انڈسٹری کے تحت 50 فیصد بجلی سبسڈی دی جاتی تھی، لیکن بعد میں انہیں انڈسٹری-3 زمرے میں یعنی اسمال اسکیل انڈسٹریز میں شامل کیا گیا۔ ہائی کورٹ کے احکامات کے بعد 127 اسمال اسکیل یونٹس اور 191 دیگر یونٹس پر مجموعی طور پر 35.48 کروڑ روپئے کے بقایا بلز عائد کیے گئے، جو مزدوروں کی استطاعت سے باہر ہیں اور پاورلوم کے چلنے میں رکاوٹ بن گئے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی نشاندہی کی کہ سرسلہ کوآپریٹو الیکٹرک سپلائی سوسائٹی (CESS) شدید مالی بحران سے دوچار ہے کیونکہ 101.77 کروڑ روپئے کی سبسڈی جاری نہیں کی گئی۔ اس وجہ سے سی ای ایس ایس، تلنگانہ نارتھرن پاور ڈسٹری بیوشن کمپنی لمیٹڈ (TGNPDCL) کو بجلی کی خریداری کی رقم ادا کرنے کے قابل نہیں رہی۔
کے ٹی آر نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ بقایا بلز کو معاف کرے، سبسڈی جاری کرے اور ہزاروں بُنکر خاندانوں کے روزگار کا تحفظ کرے۔

































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































