حیدرآباد: سابق وزیر تلنگانہ ہریش راؤ نے ریاست بھر میں منعقد کیے جا رہے [en]Rythu Bharosa[/en] وجے اتسَو تقاریب پر سخت تنقید کی ہے اور کہا ہے کہ یہ سب آنے والے مقامی بلدیاتی انتخابات سے قبل رائے دہندوں کو گمراہ کرنے کی کوشش ہے۔
سوشیل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ پر اپنے بیان میں ہریش راؤ نے الزام لگایا کہ کانگریس حکومت ان تقریبات کے ذریعہ رعیتو بھروسہ اسکیم کو کامیاب ظاہر کرنے کی کوشش کر رہی ہے، جب کہ گزشتہ 19 مہینوں سے کسانوں کو نظر انداز کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ انتخابی منشور میں کانگریس نے فی ایکر 15,000 روپئے دینے کا وعدہ کیا تھا، مگر اب صرف 12,000 روپئے دیے جا رہے ہیں، جو کسانوں کے ساتھ کھلا دھوکہ ہے۔
ہریش راؤ کا کہنا تھا کہ خریف اور ربی دونوں سیزن کے لیے کسانوں کو ادائیگیاں نہیں کی گئیں اور اب حکومت انہی حالات میں جشن منانے کی تیاری کر رہی ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ آیا یہ تقاریب دو فصلوں کی عدم ادائیگی، کسانوں کے اعتماد کے ٹوٹنے اور قرض معافی کی ناکامی کا جشن ہیں؟
انہوں نے کہا کہ برسراقتدار جماعت نے کسان برادری کے ساتھ دھوکہ کیا ہے اور یہ عوامی تقاریب ان کی مشکلات کا مذاق اڑانے کے مترادف ہیں۔



























































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































