حیدرآباد: تلنگانہ کے چیف منسٹر ریونت ریڈی نے جھارکھنڈ کے سینئر لیڈر Shibu Sorenکے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا اور انہیں قبائلی حقوق اور ریاستی تحریکوں کے ایک بے خوف مجاہد قرار دیا۔
ریونت ریڈی نے کہا کہ شیبو سورین نے جھارکھنڈ ریاست کے قیام میں کلیدی کردار ادا کیا اور وہ ہمیشہ علیحدہ ریاستوں کی تحریکوں کے حامی رہے، جن میں تلنگانہ تحریک بھی شامل ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ شیبو سورین نے تلنگانہ ریاستی تحریک کی مکمل حمایت کی اور آخری وقت تک اس کے ساتھ کھڑے رہے۔
ریونت ریڈی نے مزید کہا کہ شیبو سورین نے سودخوروں اور نشہ آور اشیاء کے خلاف جدوجہد کے ذریعے معاشرتی اصلاحات میں ناقابل فراموش خدمات انجام دیں۔ انہوں نے کہا کہ سورین کی خدمات قبائلی برادری کے لیے ایک سنہری باب کی حیثیت رکھتی ہیں۔
شیبو سورین آٹھ بار لوک سبھا اور دو بار راجیہ سبھا کے رکن منتخب ہوئے اور کئی بار جھارکھنڈ کے چیف منسٹر کے عہدے پر فائز رہے۔ ریونت ریڈی نے شیبو سورین کے فرزند اور موجودہ جھارکھنڈ چیف منسٹر ہیمنت سورین اور ان کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔










































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































