حیدرآباد: انکم ٹیکس محکمہ نے منگل کی صبح حیدرآباد میں DSR Groupآف کمپنیز کے دفاتر اور عہدیداروں کی رہائش گاہوں پر دھاوے کیے۔ یہ کارروائیاں بیک وقت تقریباً 10 مقامات پر انجام دی گئیں۔
عہدیداروں کے مطابق انکم ٹیکس کی ٹیموں نے ڈی ایس آر انفراسٹرکچر پرائیویٹ لمیٹڈ اور اس سے وابستہ دیگر کمپنیوں کی تلاشی لی۔ یہ دھاوے جوبلی ہلز، بنجارہ ہلز، ایس آر نگر اور سورارم علاقوں میں کیے گئے۔ محکمے کو شبہ ہے کہ کمپنی کے ٹیکس فائلنگ میں بڑے پیمانے پر بے ضابطگیاں کی گئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق چھاپے گزشتہ پانچ برسوں کے ٹیکس ادائیگیوں پر مرکوز رہے۔ ڈی ایس آر گروپ کے مینیجنگ ڈائریکٹر سدھاکر ریڈی، ایگزیکٹیو ڈائریکٹر پربھاکر ریڈی اور سی ای او ستیہ ناراینا ریڈی کے دفاتر اور مکانات کی بھی تلاشی لی گئی۔ اس کارروائی کے دوران سی آر پی ایف کے جوان بھی تعینات کیے گئے تاکہ سکیورٹی فراہم کی جا سکے۔ حکام نے بتایا کہ ضبط شدہ دستاویزات کی جانچ کے بعد مزید تفصیلات سامنے آئیں گی۔




















































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































