Read in English  
       
Cabinet Sub-Committee

حیدرآباد: ریاست تلنگانہ کی مالی حالت کو مستحکم بنانے کے اقدامات پر غور کے لیے نائب وزیراعلیٰ و وزیر مالیات بھٹی وکرامارکا کی صدارت میں آج دوپہر 2 بجے سکریٹریٹ میں کابینہ سب کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوگا۔

اس اجلاس میں وزرا اُتم کمار ریڈی، پونم پربھاکر، سرِیدھر بابو اور پونگو لیٹی سرینواس ریڈی شرکت کریں گے۔ کابینہ سب کمیٹی کی میٹنگ میں ریاست کی آمدنی میں اضافہ کرنے سے متعلق حکمت عملی پر تفصیل سے گفتگو کی جائے گی، بشرطیکہ عوام پر براہ راست مالی بوجھ نہ پڑے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران مرکزی حکومت سے وصول ہونے والی بقایا رقومات، بالواسطہ ٹیکس پالیسیوں، اور دیگر مالیاتی امور پر بھی تفصیلی غور کیا جائے گا۔ وزرا سے ایسی تجاویز پیش کرنے کی توقع ہے جو ریاستی آمدنی میں اضافہ کرتے ہوئے عوامی فلاح کو متاثر نہ کریں۔

اس کے علاوہ اجلاس میں کانگریس حکومت کی جانب سے اعلان کردہ چھ گارنٹیوں پر عمل آوری، مختلف اضلاع میں اندرامّا ہاؤسنگ اسکیموں کی پیش رفت، اور خریف سیزن کی تیاریوں کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔