
حیدرآباد: سکندرآباد کے ایک کاروباری شخص کو بیرونِ ملک ملازمتوں کا جھانسہ دے کر بےروزگار نوجوانوں کو اسمگل کرنے Job Traffickingاور بین الاقوامی سائبر فراڈ نیٹ ورک سے جوڑنے کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا۔
حیدرآباد سٹی کرائم اسٹیشن (CCS) کی سائبر کرائم ٹیم نے جمعہ کو وارسگوڑہ کے رہنے والے چِکّلا سنتوش کمار کو ایک تجارتی فراڈ کے کیس کی تحقیقات کے بعد گرفتار کیا۔ پولیس کے مطابق، کمار ایک کنسلٹنسی فرم چلا رہا تھا جو بیرون ملک ملازمتوں کا وعدہ کر کے نوجوانوں کو کمبوڈیا، سنگاپور اور دبئی جیسے ممالک بھیج رہا تھا۔
ابتدائی معلومات کے مطابق، سنتوش کمار نے 2015-16 میں ایک ہوائی اڈے پر کام کرتے ہوئے ایسے روابط قائم کیے جن کے ذریعے اس نے کنسلٹنسی کا آغاز کیا۔ ایک بھرتی مہم کے دوران، اس نے تین نوجوانوں کو کمبوڈیا بھیجا جہاں ان کا رابطہ ’ٹوٹو‘ نامی ایک چینی شہری سے ہوا جو مبینہ طور پر ایک بین الاقوامی سائبر جرائم گروہ کا کارندہ ہے۔
کمار بعد میں اس گروہ کے ساتھ مل کر کام کرنے لگا۔ وہ ہندوستانی بینک اکاؤنٹس فراہم کرتا اور سائبر فراڈ سے حاصل رقم نکال کر انٹرنیٹ بینکنگ کے ذریعے بیرونِ ملک منتقل کرتا تھا۔ تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ اس نے اپنے گاؤں کے متعدد نوجوانوں کو بھی ان غیر قانونی نیٹ ورکس میں شامل کیا، جن میں بی ٹیک طالب علم، آٹو ڈرائیور، ڈیلیوری ورکر اور نجی ملازم شامل ہیں۔ ان سب کو بعد میں بیرون ملک گرفتار کر لیا گیا۔
ایک متاثرہ حیدرآبادی شہری نے شکایت کی کہ اسے سرمایہ کاری میں بڑے منافع کا جھانسہ دے کر ₹7.22 لاکھ کا دھوکہ دیا گیا۔ رقم کمار کے فراہم کردہ اکاؤنٹ میں جمع کرائی گئی تھی، جو آگے بین الاقوامی اسکیم میں منتقل کی گئی۔
پولیس کے مطابق، سنتوش کمار بھارت بھر میں سائبر کرائم کے چھ مختلف کیسوں میں مشتبہ ہے۔




























































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































