حیدرآباد: تلنگانہ کی پنچایت راج وزیر سیتکّا نے اعلان کیا ہے کہ ریاست میں پانچ نئے آبزرویشن ہومز قائم کیے جائیں گے تاکہ نابالغ بچوں کی بحالی کے نظام کو مزید مستحکم کیا جا سکے۔ Seethakkaنے یہ اعلان جمعرات کو حیدرآباد کے سعیدآباد آبزرویشن ہوم کے دورے کے موقع پر کیا۔
وزیر نے اس موقع پر بچوں سے ملاقات کی، سہولیات کا جائزہ لیا اور یقین دلایا کہ حکومت ان کے ساتھ مسلسل تعاون جاری رکھے گی۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت نے ایک اضافی ہوم کے لیے 25 کروڑ روپئے بھی مختص کیے ہیں تاکہ دیکھ بھال اور بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنایا جا سکے۔
سیتکّا نے بچوں سے کہا کہ آبزرویشن ہومز کو سزا کے طور پر نہیں بلکہ ایک دوسرا موقع سمجھنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ممکن ہے آپ نے دانستہ یا نادانستہ غلطیاں کی ہوں، مگر اصل اہمیت اس بات کی ہے کہ اب آپ آگے بڑھیں اور ذمہ دار شہری بنیں۔
دورے کے حصے کے طور پر وزیر نے سعیدآباد ہوم میں نئی لائبریری کا افتتاح بھی کیا۔ یہ قدم حیدرآباد پبلک اسکول بیگم پیٹ کی نویں جماعت کی طالبہ آکرشنا کی پہل پر اٹھایا گیا تھا۔ سیتکّا نے ان کی اس کاوش کے اعتراف میں انہیں شال اوڑھا کر اعزاز پیش کیا۔
یہ لائبریری 700 کتابوں پر مشتمل ہے جس کا مقصد بچوں کو مطالعے اور خود کو سنوارنے کی ترغیب دینا ہے۔ سیتکّا نے بچوں کو نصیحت کی کہ وہ مطالعے میں دلچسپی لیں، اس موقع سے فائدہ اٹھائیں اور عزت کے ساتھ دوبارہ معاشرے کا حصہ بنیں۔
