حیدرآباد ۔ نہرو زولوجیکل پارک نے اعلان کیا ہے کہ وہ جلد ہی اپنی Zoo Safari کو مزید دلچسپ بنانے کے لیے الیکٹرک بسوں کا اضافہ کرے گا اور آزاد گھومنے والے جانوروں کی تعداد بڑھائے گا۔
ڈائریکٹر ڈاکٹر سنیل ایس ہیریمتھ نے بتایا کہ پارک 10 سے 12 نئی الیکٹرک بسیں متعارف کرانے والا ہے جن میں بڑے شیشے لگے ہوں گے تاکہ جانوروں کو بہتر انداز میں دیکھا جا سکے۔ فی الحال سفاری میں صرف پانچ بسیں چل رہی ہیں۔
سفاری میں چار زونز ہیں جہاں شیر، بببر شیر ، ریچھ اور بائسن رکھے گئے ہیں۔ پارک میں اس وقت آٹھ ببر شیر، پانچ شیر، آٹھ بائسن اور چار ریچھ ہیں، تاہم ایک وقت میں صرف ایک جوڑا سفاری میں چھوڑا جاتا ہے۔ راستے میں ہرن اور مور بھی آزادانہ گھومتے ہیں۔ حکام نے تصدیق کی کہ مزید جانوروں کو پنجرے سے نکال کر سفاری میں شامل کیا جائے گا۔
نئی سہولتیں اور بین الاقوامی مطالعہ
ڈاکٹر ہیریمتھ نے بتایا کہ اکتوبر کے وسط میں حکام سنگاپور چڑیا گھر کا دورہ کریں گے تاکہ نائٹ سفاری کے طریقہ کار کا مطالعہ کیا جا سکے۔ ان کے مطابق اس دورے سے حیدرآباد چڑیا گھر کے ڈھانچے کو اپ گریڈ کرنے اور نئی تفریحی سہولتیں شامل کرنے میں مدد ملے گی۔ منصوبوں میں ایک بایو-لومی نیسنٹ پارک اور میر عالم ٹینک کے قریب ایک ٹنل ایکویریم بھی شامل ہے۔
گزشتہ سال پارک نے 22.93 لاکھ زائرین کو متوجہ کیا تھا جبکہ رواں سال اگست تک 9.76 لاکھ افراد آ چکے ہیں۔
Zoo Safari کی توسیع کے علاوہ جمعرات کو پارک نے 71 ویں ورلڈ وائلڈ لائف ویک کا آغاز کیا جس میں تقریباً 500 بچوں نے جنگلی جانوروں سے متعلق ڈرائنگ اور پینٹنگ مقابلوں میں حصہ لیا۔ جمعہ کو 3,000 سے زیادہ افراد نے ریپٹائل ایمفی تھیٹر میں سانپوں کے بارے میں آگاہی شو دیکھا۔ تعلیمی افسر نے زہریلے اور بے ضرر سانپ دکھائے اور ماحولیات میں ان کے کردار کی وضاحت کی۔ یہ تقاریب 8 اکتوبر تک جاری رہیں گی۔









































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































