حیدرآباد ۔ گیس صارفین کو جلد بڑی سہولت ملنے والی ہے۔ مرکزی حکومت LPG Connection کے لیے انٹر کمپنی پورٹیبلیٹی کی اجازت دینے کی تیاری کر رہی ہے۔ اس سہولت کے بعد صارفین اپنے گیس کنکشن کو کسی بھی سپلائر کے پاس منتقل کر سکیں گے، بالکل ایسے ہی جیسے موبائل سم تبدیل کی جاتی ہے۔
اگر کسی ایجنسی کی طرف سے خدمات میں تاخیر یا شکایات سامنے آئیں تو صارفین صرف مقامی ایجنسی ہی نہیں بلکہ گیس کمپنی کو بھی بدل سکیں گے۔ پٹرولیم اینڈ نیچرل گیس ریگولیٹری بورڈ نے اس پالیسی کی پیش رفت کی تصدیق کی ہے۔ بورڈ نے پہلے ہی صارفین، ایل پی جی کمپنیوں اور دیگر متعلقہ فریقین سے رائے طلب کر لی ہے۔
سابقہ تجربات اور آئندہ اقدامات
بورڈ نے وضاحت کی ہے کہ تجاویز کا جائزہ لینے کے بعد قواعد و ضوابط وضع کیے جائیں گے اور فریم ورک مکمل ہوتے ہی اس نئی سہولت کی تاریخِ نفاذ کا اعلان کیا جائے گا۔
LPG Connection پورٹیبلیٹی کا تصور نیا نہیں ہے۔ حکومت نے 2013 میں 24 اضلاع میں اس نظام کو آزمایا تھا اور 2014 میں 13 ریاستوں کے 480 اضلاع تک اس سہولت کو توسیع دی گئی تھی۔ تاہم اُس وقت صارفین صرف ایک ہی کمپنی کی ایجنسیوں کے درمیان کنکشن منتقل کر سکتے تھے۔ نئی پالیسی کے بعد صارفین کو پورا اختیار ہوگا کہ وہ کسی بھی کمپنی کے ایل پی جی سپلائر کے پاس ملک بھر میں باآسانی منتقل ہو سکیں۔














































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































