حیدرآباد: اپوزیشن جماعت بھارت راشٹرا سمیتی BRS نے ہفتہ کے روز بزنس ایڈوائزری کمیٹی کے اجلاس سے واک آؤٹ کیا۔ پارٹی نے الزام لگایا کہ کانگریس حکومت نے تلنگانہ اسمبلی کے اجلاس کو صرف دو دن تک محدود رکھنے کا فیصلہ کیا ہے جس سے عوامی مسائل کو نظرانداز کیا جارہا ہے۔
اسمبلی میڈیا پوائنٹ پر سابق وزیر ٹی ہریش راؤ نے حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں سیلابی تباہ کاریوں، یوریا کی قلت، وائرل بخار، گروکُل اسکولوں میں طلبہ کی اموات اور سرکاری ملازمین کے زیر التوا مطالبات جیسے اہم مسائل فوری بحث کے متقاضی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے کم از کم 15 دن کے اجلاس کا مطالبہ کیا تھا۔ کئی دیہات آج بھی بجلی اور سڑکوں سے محروم ہیں، لوگ تکالیف سہہ رہے ہیں اور جانیں گنوا رہے ہیں لیکن حکومت صرف دو دن میں بحث مکمل کرنا چاہتی ہے۔
ہریش راؤ نے کہا کہ اسمبلی کو سب سے پہلے سیلابی نقصانات اور یوریا بحران پر بحث کرنی چاہیے۔ انہوں نے ڈینگی اور ملیریا میں اضافے، گروکُل اسکولوں میں 100 سے زائد طلبہ کی اموات، درج فہرست ذات، درج فہرست قبائل، پسماندہ طبقات اور اقلیتی طلبہ کے فیس باز ادائیگی میں تاخیر، چیف منسٹر کے رشتہ داروں سے منسلک اراضی تنازعات اور سرکاری ملازمین کے پی آر سی و ڈی اے جیسے مسائل پر بھی بحث کا مطالبہ کیا۔
کانگریس پر سیاسی ڈرامہ کرنے کا الزام
بی آر ایس نے حکومت کے اس فیصلے پر بھی اعتراض کیا کہ اجلاس کے محدود دنوں میں کالیشورم کمیشن رپورٹ اور بی سی بل کو ترجیح دی جائے۔ ہریش راؤ نے کہا کہ ہم کالیشورم پر چار دن بحث کے لیے تیار ہیں لیکن پہلے عوامی مسائل پر بات ہونی چاہیے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ کانگریس بلدیاتی انتخابات سے قبل سیاسی ڈرامہ رچانے کی کوشش کررہی ہے۔
ہریش راؤ نے اسمبلی کے ایجنڈے کو آخری وقت میں جاری کرنے پر بھی ناراضگی ظاہر کی۔ ان کا کہنا تھا کہ جب رات 9 بجے کے بعد ایجنڈا بتایا جائے تو اپوزیشن پارٹیاں تیاری کیسے کرسکتی ہیں؟ اپوزیشن کو خاموش کرانا جمہوریت کا مذاق اڑانے کے مترادف ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ بزنس ایڈوائزری کمیٹی سے بی آر ایس کا واک آؤٹ حکومت کو جوابدہی سے فرار کے خلاف احتجاج ہے۔




































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































