حیدرآباد: Sangareddyپولیس نے اتوار کے روز بڑی کارروائی کرتے ہوئے 128 کلو خشک گانجہ ضبط کیا اور 4 اسمگلروں کو گرفتار کرلیا۔ یہ کارروائی پتی کراس روڈس، بی ڈی ایل۔بھانور پولیس اسٹیشن حدود میں انجام دی گئی، جہاں دو گاڑیوں کو بھی تحویل میں لیا گیا جو نشہ آور سامان کی منتقلی کے لئے استعمال کی جارہی تھیں۔
اس مشترکہ آپریشن میں بی ڈی ایل۔بھانور پولیس کے ساتھ اسپیشل نارکوٹکس اسسٹنس بیورو (ایس۔این اے بی) سنگاریڈی نے حصہ لیا۔ پولیس کو خفیہ اطلاع ملنے پر انسپکٹر وجئے کرشنا اور ناگیشور راؤ کی قیادت میں ٹیموں نے پتی جنکشن پر گاڑیوں کو روک کر ملزمین کو حراست میں لے لیا۔
سپرنٹنڈنٹ آف پولیس پارتوش پنکج نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ یہ گروہ گانجہ اوڈیشہ سے مہاراشٹرا اسمگل کر رہا تھا۔ گرفتار شدہ افراد کی شناخت فیروز احمد، ساگر نائیک، محبوب عبدل احمد اور محمد عرفان کے طور پر کی گئی ہے۔
ایس پی نے مزید کہا کہ ملزمین کو عدالت کے سامنے پیش کیا جائے گا اور پولیس منشیات اسمگلنگ کے نیٹ ورکس کے خلاف سخت کارروائی جاری رکھے گی۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی اطلاع ایس۔این اے بی کو 8712656777 پر دیں اور یقین دلایا کہ اطلاع دہندہ کی شناخت مکمل طور پر راز میں رکھی جائے گی۔













































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































