حیدرآباد: سائبرآباد پولیس نے بڑا مالیاتی فراڈ بے نقاب کرتے ہوئے ایک ایسے گروہ کا سراغ لگا لیا جو آٹھ ریاستوں میں جعلی آئی ٹی سی دعوؤں کے ذریعے حکومت کو 11.79 کروڑ روپے کا نقصان پہنچا چکا تھا۔ ملزمان نے جعلی دستاویزات کا استعمال کرتے ہوئے جی ایس ٹی پورٹل کو دھوکہ دیا اور وسیع نیٹ ورک کے ذریعے فراڈ چلایا۔
جعلی فرمیں، فیک دستاویزات اور ای وے بلز کا غلط استعمال | GST Fraud
پولیس کے مطابق گروہ نے آدھار، پین کارڈ، بجلی کے بل اور کرایہ نامے جیسے جعلی دستاویزات کے ذریعے دس فرضی فرمیں قائم کیں۔ اس کے بعد فیک آئی ڈیز پر سم کارڈ حاصل کیے اور او ٹی پی ویریفیکیشن مکمل کیا۔ ملزمان نے خرید و فروخت کے جعلی بل جاری کیے جبکہ اصل میں کوئی سامان منتقل نہیں ہوا۔ جعلسازی کو مستند دکھانے کیلئے 405 ای وے بلز بھی بنائے گئے جن میں اصلی گاڑیوں کے نمبر استعمال ہوئے مگر چیسیس تفصیلات بدلی گئیں۔
پولیس نے بتایا کہ یہ گروہ مجموعی طور پر 52 فرضی فرموں کے ذریعے جھوٹا کاروباری لین دین دکھاتا رہا۔ تلنگانہ، مہاراشٹر، تمل ناڈو، ہریانہ، اڑیسہ، چھتیس گڑھ، کرناٹک اور گجرات میں اس نیٹ ورک کا دائرہ پھیلا ہوا تھا۔ ملزمان نے 53.73 کروڑ روپے کا فرضی ٹرن اوور ظاہر کیا اور 11.79 کروڑ روپے کا آئی ٹی سی غلط طریقے سے کلیم کیا۔
مرکزی کردار، گرفتاریاں اور تفتیش کی پیش رفت | GST Fraud
12 نومبر کو پولیس نے دو افراد کو گرفتار کیا جن میں گجرات سے 34 سالہ سہیل مراد علی لکھانی عرف سونو شامل ہے جو نیٹ ورک کا منتظم اور مالی لین دین کا نگران تھا۔ دوسرا ملزم 43 سالہ محمد اکرم حسن الدین ہے جو دستاویزات کی ترسیل اور رابطوں کا کام کرتا تھا۔
تاہم تین ملزمان ابھی مفرور ہیں۔ ان میں دہلی کا عبد اللہ (سرغنہ)، سید مجتبیٰ حسینی عرف اعظم (ٹیک آپریٹر)، اور آئٹی راجا شیکھر (ٹیکنیکل اسسٹنٹ) شامل ہیں۔ کیس کی تفتیش اے سی پی ایس رویندر کی نگرانی میں جاری ہے جبکہ ڈی سی پی اے متھیم ریڈی اس کی رہنمائی کر رہے ہیں۔









































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































