حیدرآباد: تلنگانہ بی جے پی کے صدر این۔ رام چندر راؤ نے پارٹی کارکنوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ’ایک قوم، ایک قانون، ایک راشن، ایک الیکشن‘ کے نظریہ کو فروغ دیں تاکہ قومی اتحاد کو مضبوط بنایا جا سکے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ ہر کارکن کو ملک کی سالمیت کے لیے پرعزم رہنا چاہیے اور [en]One Nation[/en] کے نظریہ کو اپنانا چاہیے۔
یہ بات انہوں نے اتوار کو جن سنگھ کے بانی شاما پرساد مکھرجی کی یومِ پیدائش کے موقع پر بی جے پی ریاستی دفتر میں منعقدہ ایک تقریب میں کہی۔ تقریب کا آغاز مکھرجی کی تصویر پر پھول نچھاور کرنے سے ہوا، جس کے بعد رام چندر راؤ نے کارکنوں سے خطاب کیا۔
انہوں نے کہا کہ مکھرجی نے نوجوانی سے ہی کئی تحریکیں چلائیں، جن سنگھ کی بنیاد رکھی، اور کشمیر کے مسئلے پر کسی سمجھوتے کے بغیر جدوجہد کی۔ انہوں نے بتایا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے جموں و کشمیر میں دفعہ 370 کی منسوخی دراصل مکھرجی کے نظریاتی ورثے کی تکمیل ہے۔
رام چندر راؤ نے مزید کہا کہ مکھرجی نے ایک ملک میں دو آئین، دو وزرائے اعظم اور دو جھنڈوں کے تصور کی سخت مخالفت کی، اور تاریخ انہیں اسی مؤقف کے لیے یاد رکھتی ہے۔
تقریب میں مرکزی وزیر جی۔ کشن ریڈی، ایم ایل سی انجی ریڈی، ریاستی نائب صدر گنگیدی منوہر ریڈی، جنرل سیکریٹری پریمندر ریڈی اور خازن شانتی کمار بھی شریک تھے۔





































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































