حیدرآباد: چیف منسٹر آ ریونت ریڈی 24 جولائی کو دہلی میں تمام کانگریس ارکان پارلیمنٹ کے سامنے تلنگانہ کا ذات پات سروے ماڈل پیش کریں گے تاکہ پسماندہ طبقات کے لیے 42 فیصد BC Quotaکے نفاذ کے حق میں قومی سطح پر تائید حاصل کی جا سکے۔
کانگریس ہیڈکوارٹر میں اس ہفتے ایک اہم اجلاس منعقد ہونے جا رہا ہے جس میں چیف منسٹر ریونت ریڈی، ڈپٹی چیف منسٹر ملو بھٹی وکرمارکا اور کئی ریاستی وزراء دہلی روانہ ہوں گے۔ اس موقع پر تلنگانہ کے پسماندہ طبقات سے تعلق رکھنے والے ارکان پارلیمنٹ، ارکان اسمبلی اور ارکان قانون ساز کونسل بھی مدعو کیے گئے ہیں اور وہ بھی بدھ کے روز دہلی پہنچنے کی توقع ہے۔
ریاستی اسمبلی پہلے ہی 42 فیصد BC Quota کے مطالبے پر ایک قرارداد منظور کر چکی ہے، اور کابینہ نے بلدیاتی انتخابات میں اس کو نافذ کرنے کے لیے ایک آرڈیننس کو منظوری دی ہے۔ ریونت ریڈی کی کوشش ہے کہ پارلیمنٹ پر دباؤ ڈال کر آئینی ترمیم کے لیے قومی سطح پر حمایت حاصل کی جائے۔
پارٹی ذرائع کے مطابق اس حکمت عملی کی بنیاد ریاست میں کیے گئے گھر گھر ذات پات سروے پر ہے جسے حکومت نے شفاف قرار دیا ہے اور یہی سروے مجوزہ کوٹہ کی بنیاد ہے۔ وزراء کانگریس ارکان پارلیمنٹ سے درخواست کریں گے کہ وہ ریاستی حکومت کی اس پیش رفت کی توثیق کریں اور قومی سطح پر قانون سازی کے لیے مہم چلائیں۔
اس اجلاس سے قبل چیف منسٹر ریونت ریڈی کانگریس صدر ملیکارجن کھڑگے اور لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی سے ملاقات کریں گے تاکہ پسماندہ طبقات کے لیے ریزرویشن میں اضافے کی منطق پیش کی جا سکے اور ان کی تائید حاصل کی جا سکے۔





















































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































