حیدرآباد: ہلکی سی بارش ہی حیدرآباد کی سڑکوں کو جھیلوں میں تبدیل کر دیتی ہیں، جس سے ٹریفک جام اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہوتا ہے۔ سڑکوں پر نالے ابلنے کی بڑی وجہ یہ ہے کہ ان میں چاکلیٹ کے ریپرز، پلاسٹک کی بوتلیں اور پلیٹیں تک ٹھونس دی جاتی ہیں۔ حکومت کی جانب سے بار بار انتباہ کے باوجود عوامی رویوں میں کوئی خاص تبدیلی نظر نہیں آتی۔
اس صورتحال سے نمٹنے کے لیے [en]HYDRAA[/en] یعنی حیدرآباد ڈیزاسٹر رسپانس اینڈ ایسیٹس مانیٹرنگ اینڈ پروٹیکشن ایجنسی نے جمعہ کے روز یوسف گوڑہ اور اطراف میں نالوں اور نکاسی آب کے راستوں کی صفائی کا کام شروع کر دیا۔
کمشنر رنگناتھ کی ہدایت پر HYDRAA کی مانسون ایمرجنسی ٹیمیں خشک موسم میں ہی متحرک ہو گئیں اور مدھورا نگر و کرشنانگر کے نالوں میں جمع کیچڑ اور کچرے کو نکالنے کا عمل انجام دیا گیا۔
اس دوران ٹنوں کے حساب سے پلاسٹک کا کوڑا اور دیگر فضلہ باہر نکالا گیا۔ HYDRAA ٹیموں نے ایل بی نگر سرکل کے منترہ چروو سے جیلیلا گوڑہ چیروو تک بہنے والے نالے کی بھی مکمل صفائی کی تاکہ شدید بارشوں سے قبل کسی رکاوٹ کو دور کیا جا سکے۔
مقامی مکینوں نے اس پیشگی اقدام کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ بروقت صفائی شہری سیلاب کو روکنے میں مدد دے گی۔ کئی شہریوں نے HYDRAA کی کوششوں کو “قابل ستائش” قرار دیا اور کہا کہ وقت پر کام کرنے سے مسائل میں بڑی حد تک کمی آئے گی۔






























































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































