حیدرآباد: سابق وزیراعلیٰ اور بھارت راشٹرا سمیتی کے صدر کے چندر شیکھر راؤKCR نے 79ویں یوم آزادی کے موقع پر عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے ان آزادی کے متوالوں اور شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا جن کی قربانیوں سے ملک کو آزادی نصیب ہوئی۔
اپنے پیغام میں کے سی آر نے کہا کہ آزادی حاصل کیے 79 سال گزر چکے ہیں جب ہندوستان نے نوآبادیاتی غلامی سے نجات پائی اور اپنے مستقبل کی باگ ڈور خود سنبھالی۔ انہوں نے تحریک آزادی میں شامل بے شمار محب وطن افراد کی لازوال خدمات کو یاد کیا اور ان کے کردار کو فیصلہ کن قرار دیا۔
کے سی آر نے کہا کہ مہاتما گاندھی کی عدم تشدد پر مبنی جدوجہد نے علیحدہ تلنگانہ تحریک کو بھی متاثر کیا۔ انہوں نے مشاہدہ کیا کہ بعض اوقات خودداری اور خود حکمرانی کے لیے دی جانے والی قربانیوں کو آزاد ہندوستان میں سیاسی فائدے کے لیے استعمال کیا گیا۔
بی آر ایس صدر نے گذشتہ ایک دہائی میں تلنگانہ کی ترقی پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے اسے ایک مثالی ریاست قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یوم آزادی کی تقریبات اس وقت زیادہ معنویت اختیار کرتی ہیں جب آزادی کے ثمرات ہر شہری تک پہنچیں اور ہمہ گیر ترقی میں معاون ثابت ہوں۔











































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































