حیدرآباد: کاماریڈی ضلع کے تھمک پلی گاؤں میں پیر کی شام ایک افسوسناک حادثے میں 13 سالہ جڑواں بھائی گاؤں کے تالاب میں ڈوب کر ہلاک Pond Drowningہوگئے، جس سے والدین اپنے بیٹوں سے محروم ہوگئے۔ یہ واقعہ کاماریڈی منڈل کی حدود میں پیش آیا۔
پولیس اور مقامی افراد کے مطابق، رام اور لکشمن، جو یومیہ مزدور گررالہ پدا نرسملو اور ان کی اہلیہ منجولا کے جڑواں بیٹے تھے، آٹھویں جماعت میں تعلیم حاصل کر رہے تھے۔ اسکول سے واپس آنے کے بعد دونوں نے والدین کو بتایا کہ وہ باہر جا رہے ہیں، لیکن شام تک گھر نہ لوٹنے پر والدین نے گاؤں میں تلاش شروع کی اور دوستوں سے دریافت کیا۔
گاؤں کے مضافات میں تالاب کے کنارے کپڑے ملنے پر خدشہ پیدا ہوا۔ پولیس نے پانی میں تلاش شروع کی اور پیر کی رات ایک لاش برآمد ہوئی جبکہ دوسری لاش منگل کی صبح نکالی گئی۔ نعشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے ضلع اسپتال منتقل کیا گیا۔ والد کی شکایت پر پولیس نے مقدمہ درج کر لیا ہے۔
رام اور لکشمن والدین کے اکلوتے بیٹے تھے۔ نرسملو راج مستری کا کام کرتے ہیں جبکہ منجولا بیڑیاں بنانے کا کام کرتی ہیں۔ محدود آمدنی کے باوجود انہوں نے اپنے بیٹوں کی پرورش بڑے پیار سے کی تھی۔ دونوں بیٹوں کی ایک ساتھ موت نے نہ صرف خاندان بلکہ پورے گاؤں کو غم میں مبتلا کر دیا ہے۔









































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































